اسلام آباد :وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے علیمہ خان کے بیٹوں شاہ ریز اور شیر شاہ کی گرفتاری سے متعلق اہم وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس نے اگرچہ ان کی گرفتاری میں دیر کی، لیکن ان کے خلاف کیسز جعلی نہیں ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار نجی چینل میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ طلال چوہدری کے مطابق دونوں نوجوان 9 مئی کو جناح ہاؤس کے واقعے میں موجود تھے اور پولیس نے شواہد اکٹھے کرنے کے بعد کارروائی کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر کسی ملزم کے خلاف شواہد نہ ہوئے تو عدالت سے ریلیف مل سکتا ہے، تاہم یہ کہنا غلط ہوگا کہ کیسز جھوٹے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ علیمہ خان کے بیٹے کو 24 گھنٹوں سے قبل عدالت میں پیش کیا گیا، جو قانون کے مطابق ہے۔
دوسری جانب تحریک انصاف کے سینئر رہنما اسد قیصر نے علیمہ خان کے بیٹوں کی گرفتاری کو ایک سیاسی دباؤ کا حربہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت اس طرح کے اقدامات سے ہمیں دباؤ میں رکھنا چاہتی ہے۔ اسد قیصر نے مطالبہ کیا کہ ملک کے سیاسی بحران کا حل صرف "گرینڈ ڈائیلاگ” میں ہے، جس میں تمام سیاسی جماعتوں اور اسٹیک ہولڈرز کو شامل کیا جائے۔
واضح رہے کہ شاہ ریز کو 21 اگست کو لاہور میں ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا گیا، جبکہ ان کے بھائی شیر شاہ کو گزشتہ روز عدالت سے واپسی پر گرفتار کیا گیا۔ عدالت نے شاہ ریز کو 8 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔ ان گرفتاریوں کے بعد سوشل میڈیا پر بھی شدید ردعمل دیکھنے میں آ رہا ہے، جہاں دونوں بیٹوں کی سیاسی وابستگی اور گرفتاری کی ٹائمنگ پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں
