پاکستان کی مسلح افواج ایک مرتبہ پھر قومی یکجہتی اور خدمت کے جذبے کی عملی مثال پیش کر رہی ہیں۔ سیلابی صورتحال کے پیش نظر وزیرِاعظم اور آرمی چیف کی ہدایات پر متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں دن رات جاری ہیں۔ ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے اپنے تازہ بیان میں واضح کیا کہ فوج کے افسران اور جوان عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور کسی مشکل کو رکاوٹ نہیں بننے دیا جائے گا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق حالیہ ریلیف آپریشن کے دوران دو بہادر سپوت شہید اور دو زخمی ہوئے ہیں، مگر اس کے باوجود خدمت کا جذبہ کم نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ چاہے پاکستان کے کسی بھی خطے کی بات ہو، فوج عوام کی مدد کے لیے ہمیشہ تیار رہے گی، کوئی بھی طاقت اس اتحاد میں دراڑ نہیں ڈال سکتی۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ امن ہو یا جنگ، پاک فوج ہمیشہ اپنی قوم کے ساتھ کھڑی ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے مزید بتایا کہ پنجاب، خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر میں سیلابی پانی کے اثرات کم کرنے اور امدادی سرگرمیوں کو تیز بنانے کے لیے مختلف یونٹس کام کر رہی ہیں۔ ایک انجینئر بریگیڈ، 19 انفنٹری اور 7 انجینئرنگ یونٹس متحرک ہیں، جبکہ پاک فوج کے ہیلی کاپٹرز اب تک 26 پروازیں مکمل کر چکے ہیں۔ گجرانوالہ میں چھ انفنٹری یونٹس اور دو انجینئرنگ یونٹس موجود ہیں، جبکہ بہاولپور اور بہاولنگر کے علاقوں میں چار یونٹس کو ہنگامی صورتِ حال کے لیے الرٹ رکھا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں بھی فوجی یونٹس اور میڈیکل بٹالین متاثرہ عوام کو ریلیف فراہم کر رہے ہیں۔ اب تک 225 ٹن سے زیادہ راشن تقسیم کیا جا چکا ہے اور 20 ہزار سے زائد افراد کو طبی سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں ایئر ریلیف مشنز بھی جاری ہیں تاکہ دور دراز علاقوں تک امداد پہنچائی جا سکے۔
ترجمان نے مزید وضاحت کی کہ کرتارپور میں ایک بڑے پیمانے پر ریسکیو آپریشن جاری ہے، جبکہ فوجی انجینئرز اور سول انتظامیہ نے سڑکوں کی بحالی کا کام بھی مکمل کر لیا ہے۔ 104 سڑکیں کلیئر کی جا چکی ہیں اور شاہراہ قراقرم کو بھی کھول دیا گیا ہے تاکہ آمدورفت بحال ہو سکے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ورکنگ باؤنڈری پر موجود تمام پوسٹس مکمل طور پر فعال ہیں اور کسی جگہ بھی غفلت نہیں برتی گئی۔ سرحدوں کی حفاظت اور دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں بدستور جاری ہیں۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے اس بات کو دہراتے ہوئے کہا کہ مشکل کی ہر گھڑی میں فوج اپنی قوم کے ساتھ ہے اور یہ سلسلہ کسی صورت نہیں رکے گا۔
