کراچی :یومِ دفاع و شہداء کے پُرعزم موقع پر قوم کے جذبے اور پاک افواج کی پیشہ ورانہ مہارت نے ایک بار پھر یہ ثابت کر دیا کہ پاکستان کا دفاع ناقابلِ تسخیر ہے۔ کراچی میں مزارِ قائد پر ہونے والی گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب میں پاک فضائیہ کے جانباز افسران نے نہ صرف قائدِاعظم کے مزار پر سلامی دی بلکہ دشمن کو بھی ایک واضح پیغام دے دیا
اگر اگلی بار دشمن نے کوئی ناپاک ارادہ کیا تو اس بار اسکور 6-0 نہیں بلکہ 60-0 ہوگا،یہ الفاظ تھے ائیر وائس مارشل شہریار خان کے، جنہوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاک فضائیہ کے جذبے، مہارت اور عزم کی بہترین ترجمانی کی۔ائیر وائس مارشل شہریار خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ آپریشن بنیان المرصوص نے 6 ستمبر 1965 کی یاد تازہ کردی۔
انہوں نے کہایہ آپریشن ہماری تاریخ میں ایک نیا سنگِ میل ہے، جس نے دشمن کو یہ احساس دلا دیا کہ پاکستان کی فضائی حدود میں جھانکنا بھی اب اس کے لیے خطرناک خواب بن چکا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ دشمن نے جب بھی جارحیت کی کوشش کی، اسے منہ کی کھانی پڑی۔ہم نہ صرف تیارہیں بلکہ ہر لمحہ چوکس ہیں۔ ہماری فضائیہ عوام کی امیدوں پر ہمیشہ پوری اتری ہے اور کبھی مایوس نہیں کیا۔
یاد رہے کہ رواں برس مئی 2025 میں ایک بار پھر دشمن نے جارحیت کا مظاہرہ کیا، جس کا پاک فضائیہ نے نہایت دلیری اور مہارت سے جواب دیا۔اس مختصر مگر فیصلہ کن جنگ میں بھارت کے جدید ترین رافیل طیارے مار گرائے گئے،متعدد اہم ائیر فیلڈز کو نشانہ بنایا گیا،دشمن کے ریڈارسسٹمز اور کمانڈ سینٹرز کو ناکارہ بنایا گیا،یہ سب کچھ بغیر کسی بڑی جنگی مہم کے، ٹیکنالوجی، حکمتِ عملی اور بروقت کارروائی کی بدولت ممکن ہوا۔ یہی آپریشن آج "بنیان المرصوص” کے نام سے جانا جاتا ہے، جسے پاک فضائیہ کی تاریخ کا ایک سنہری باب کہا جا رہا ہے۔
ملک بھر میں آج یومِ دفاع و شہداء انتہائی عقیدت، فخر اور قومی یکجہتی کے ساتھ منایا جا رہا ہے دن کا آغازوفاقی دارالحکومت میں 31 توپوں کی سلامی،صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی،نمازِفجر کے بعد ملک کی سلامتی کے لیےخصوصی دعائیں،
مزارِ قائد پر پاک فضائیہ اکیڈمی اصغرخان کے کیڈٹس نے گارڈز کے فرائض سنبھالے،جو کہ ایک اعزاز سمجھا جاتا ہے،تقریب میں ملک کی اعلیٰ قیادت،عسکری افسران اورشہریوں کی بڑی تعداد نےشرکت کی۔
ائیر وائس مارشل شہریار خان نے پاک فضائیہ کی تکنیکی جدت پر روشنی ڈالتے ہوئےکہا ہماری فضائیہ آج دنیا کی بہترین فضائی قوتوں میں شمار ہوتی ہے،انہوں نے بتایا کہ جدید ڈرونز،اسمارٹ میزائل سسٹمز، ففتھ جنریشن وار فیئر اورانٹیلیجنس بیسڈآپریشنز میں پاک فضائیہ نے خود کو ایک ناقابلِ شکست قوت کے طور رمنوایا ہے۔تقریب کا اختتام اس عزم کے ساتھ ہوا کہ پاکستان کی سرزمین، فضا اور سمندر کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے
ائیر وائس مارشل شہریارخان نے دشمن کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگرپھر کبھی جارحیت کی کوشش کی گئی،تو ہمارا جواب پہلے سے بھی زیادہ سخت اور فیصلہ کن ہوگا۔ اس بار اسکور صرف 6-0 نہیں رہے گا، بلکہ دشمن کو 60-0 کی ذلت برداشت کرنا پڑے گی۔
