گلگت: گلگت بلتستان کی سیاست میں ایک بڑا دھماکہ سامنے آیا ہے، جہاں وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان سمیت 11 منحرف اراکین کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے فارغ کر دیا گیا ہے۔
اس فیصلے کا باضابطہ نوٹیفکیشن تحریک انصاف کے مرکزی ایڈیشنل جنرل سیکرٹری کی جانب سے جاری کیا گیا، جس کے بعد یہ تمام اراکین پارٹی سے عملاً باہر ہو گئے ہیں۔
اس سے قبل بھی پی ٹی آئی اپنے 2 اراکین کو پارٹی سے نکال چکی تھی، یوں اب فارغ کیے گئے اراکین کی مجموعی تعداد 13 ہو گئی ہے۔
یاد رہے کہ حاجی گلبر خان نے 23 جولائی 2023 کو گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ کے طور پر حلف اٹھایا تھا۔ وہ پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر انتخاب جیتنے کے بعد فارورڈ بلاک کے ذریعے وزیراعلیٰ کے عہدے تک پہنچے۔ تاہم بعدازاں انہوں نے تحریک انصاف کو خیر باد کہہ کر مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کر لی تھی، جس پر پارٹی کے اندر شدید ردعمل دیکھنے میں آیا۔
سیاسی مبصرین کے مطابق اس فیصلے سے گلگت بلتستان کی سیاست میں نئی صف بندی اور اتحادیوں کی سیاست پر گہرے اثرات مرتب ہوں گے، جبکہ پی ٹی آئی کو خطے میں اپنی گرفت مضبوط رکھنے کے لیے نئی حکمت عملی اپنانا پڑے گی۔
