امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نیو یارک ٹائمز کے خلاف ہتک عزت اور توہین کا مقدمہ دائر کرنے کا اعلان کیا ہے، جس میں انہوں نے اخبار پر اپنے، اپنے خاندان اور کاروبار کے بارے میں جھوٹ بولنے کا الزام عائد کیا۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹرتھ سوشل پر ایک بیان میں، ٹرمپ نے کہا کہ انہیں آج فلوریڈا کی عدالت میں نیو یارک ٹائمز کے خلاف 15 ارب ڈالر کا مقدمہ دائر کرنے کا "اعزاز” حاصل ہوا ہے۔
ٹرمپ نے اپنے بیان میں یہ بھی کہا کہ نیو یارک ٹائمز کو طویل عرصے تک آزادی دی گئی تھی کہ وہ ان کے خلاف جھوٹ بولے اور انہیں بدنام کرے، لیکن اب یہ سب کچھ رکنا چاہیے۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ یہ مقدمہ ان کی عزت اور ساکھ کی حفاظت کے لیے ضروری تھا، کیونکہ میڈیا کی جانب سے مسلسل جھوٹ اور منفی مہم کا اثر ان کی شخصیت اور کاروباری معاملات پر پڑا تھا۔
نیو یارک ٹائمز نے اس مقدمے کے حوالے سے فوری طور پر کوئی ردعمل نہیں دیا، لیکن یہ مقدمہ صحافتی آزادی اور میڈیا کے کردار پر ایک بڑا سوالیہ نشان بن سکتا ہے۔
