ریاض /اسلام آباد:سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان تاریخی سٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے پر دستخط کی خوشی میں سعودی عرب کے بڑے شہروں کی نمایاں عمارتیں اور اہم مقامات پاکستان اور سعودی عرب کے پرچموں کی روشنیوں سے جگمگا اٹھے۔ بدھ کی رات دارالحکومت ریاض سمیت مختلف شہروں کے بلند و بالا ٹاورز اور تاریخی مقامات سبز و سفید روشنیوں سے نہائے نظر آئے، جو عوامی جوش و خروش کا پرزور اظہار تھا۔
دفاعی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی سی ڈی اے کی جانب سے مرکزی شاہراہوں اور چوراہوں کو پاکستان اور سعودی عرب کے جھنڈوں سے آراستہ کیا گیا۔ جناح ایونیو، کانسٹیٹوشن ایونیو اور سری نگر ہائی وے پر خوبصورت سبز روشنیوں نے شہر کو سحر انگیز منظر میں بدل دیا۔ یہ منظر دونوں برادر ممالک کے 78 سالہ گہرے تعلقات اور مستحکم دوستی کی عکاسی ہے۔
ریاض میں منعقدہ تقریب میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے ’سٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے‘ پر دستخط کیے۔ اس موقع پر سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان، وزیر خارجہ فیصل بن فرحان، پاکستان کے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر، وزیر دفاع خواجہ آصف اور وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
دونوں ممالک کے مشترکہ اعلامیے کے مطابق، اس معاہدے کے تحت اگر کسی ایک ملک کے خلاف کوئی مسلح حملہ ہوتا ہے تو اسے دونوں ممالک کے خلاف حملہ تصور کیا جائے گا۔ یہ معاہدہ نہ صرف علاقائی سلامتی کو مستحکم کرے گا بلکہ اسلامی بھائی چارے اور باہمی یکجہتی کی بھی مضبوط علامت ہے۔
یہ معاہدہ دونوں برادر ممالک کے تاریخی تعلقات کی گہرائی اور مضبوطی کا ثبوت ہے، جو خطے میں امن اور استحکام کے لیے مشترکہ عزم کو ظاہر کرتا ہے۔ اس شراکت داری سے نہ صرف علاقائی دفاعی توازن بہتر ہوگا بلکہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان رشتے مزید مضبوط ہوں گے۔
