اسلام آباد/جنیوا/لندن : وزیراعظم شہباز شریف اپنے دورۂ سعودی عرب کے بعد لندن روانگی سے قبل سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا پہنچے جہاں انہوں نے سابق وزیراعظم اور قائد مسلم لیگ (ن) نواز شریف سے اہم ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ہونے والے تاریخی دفاعی معاہدے کی تفصیلات سے نواز شریف کو آگاہ کیا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے نواز شریف کی خیریت دریافت کی اور انہیں اسٹریٹجک دفاعی معاہدے کے مختلف پہلوؤں پر بریفنگ دی۔ نواز شریف ان دنوں علاج کے سلسلے میں جنیوا میں موجود ہیں اور چند روز میں لندن پہنچنے کا امکان ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف جمعہ کو لندن پہنچے جہاں وہ 4 روز قیام کریں گے۔ اپنے قیام کے دوران وہ پاکستانی کمیونٹی اور برطانوی تاجر رہنماؤں سے ملاقات کریں گے، جبکہ ہفتے کو اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن کی تقریب سے خصوصی خطاب کریں گے۔
وزیراعظم کے حالیہ دورۂ سعودی عرب کے دوران پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے پر دستخط کیے گئے، جس کے تحت کسی ایک ملک کے خلاف جارحیت کو دونوں کے خلاف جارحیت تصور کیا جائے گا۔ یہ معاہدہ خطے اور عالمی سطح پر امن و سلامتی کے قیام کے لیے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
ریاض ایئرپورٹ پر سعودی نائب گورنر محمد بن عبدالرحمٰن نے وزیراعظم شہباز شریف کو الوداع کیا۔ معاہدے کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کی توقع کی جا رہی ہے۔
