لاہور:سابق مشیرِ قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر جنجوعہ نے خبردار کیا ہے کہ بھارت ایک بار پھر پاکستان پر میزائل حملہ کرسکتا ہے، لہٰذا ہمیں مکمل طور پر چوکنا اور تیار رہنا ہوگا۔یہ بات انہوں نے لاہور میں منعقدہ ایک سیمینار پاکستان کی حالیہ سفارتی کامیابیاں، مستقبل کی امیدیں اور آئندہ دفاعی حکمتِ عملی کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہی۔
ناصر جنجوعہ نے کہا کہ بھارت جانتا ہے کہ پاکستان کے پاس جدید ترین میزائل ٹیکنالوجی موجود ہے، جو اس کے کسی بھی جارحانہ اقدام کا مؤثر جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ معرکۂ حق کے بعد پاکستان اور افواجِ پاکستان کا عالمی وقار بلند ہوا ہے، جبکہ بھارت عالمی سطح پر تنہائی کا شکار ہے۔
سابق مشیر نے مزید کہا کہ بھارت کے اندرونی سیاسی حالات غیر مستحکم ہیں، جس کے باعث وہ کسی بھی وقت پاکستان کے خلاف مہم جوئی کرسکتا ہے۔انہوں نے امریکہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ نے امت مسلمہ کی ساری قیادت کو ختم کیا،عراق، لیبیا، مصر اور شام کو تباہ کیا جبکہ پاکستان ایک واحد ایٹمی اسلامی ملک ہے جو دشمنوں کو کھٹکتا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ائیر مارشل (ر) ساجد حبیب نے بھارت کی حمایت یافتہ کالعدم تنظیم ٹی ٹی پی کو دنیا کے لیے خطرہ قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ اگر بھارت نے دوبارہ کوئی حماقت کی، تو اس بار ہم 70 بھارتی طیارے گرا دیں گےماہرِ خارجہ امور محمد مہدی نے کہا کہ پاکستان نے چین اور امریکہ دونوں کے ساتھ متوازی تعلقات قائم کر کے سفارتی کامیابی حاصل کی ہے، تاہم ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے۔انہوں نے نشاندہی کی کہ امریکہ افغان طالبان یا ٹی ٹی پی کو اپنے لیے خطرہ نہیں سمجھتا، جبکہ سی پیک پر وہ رفتار نظر نہیں آئی جو ہونی چاہیے تھی۔
مہدی نے کہا کہ پاکستانی معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے صلاحیت میں اضافہ اور کیپیسٹی بلڈنگ ضروری ہے، کیونکہ اب تک خاطر خواہ غیر ملکی سرمایہ کاری نہیں آئی۔انہوں نے دفترِ خارجہ اور دیگر اداروں کو اپنی پیشہ ورانہ استعداد بڑھانے پر زور دیا تاکہ خطے کے بدلتے حالات کا مؤثر طور پر مقابلہ کیا جا سکے۔
پاکستان نیوی کے رئیر ایڈمرل (ر) این اے رضوی نے کہا کہ جب تک گوادر پورٹ مکمل طور پر آپریشنل نہیں ہو جاتی، پاکستان کو سنگین سیکیورٹی خطرات کا سامنا رہے گا۔
تاہم انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کی بحری سلامتی پر کوئی شک نہیں ہونا چاہیں،سینئر تجزیہ کار سلمان غنی نے کہا کہ پاک فوج نے اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں نبھائی ہیں، مگر سیاسی اور معاشی میدان میں بہت سا کام باقی ہے۔میجر (ر) نیئر شہزاد نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو بھارت کے مقابلے میں سرخرو کیا، اور امریکی صدر ٹرمپ نے بھی کئی مواقع پر پاکستان کی کامیابیوں کو تسلیم کیا۔
