اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی مالیاتی جریدے بلومبرگ کی حالیہ رپورٹ کو پاکستانی معیشت کے لیے تاریخی سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی کا سفر اب کسی صورت نہیں رکے گا، اور یہ رپورٹ دنیا کے سامنے پاکستان کی معاشی بحالی کا ثبوت ہے۔
وزیراعظم نے بلومبرگ کی رپورٹ میں پاکستان کے لیے ڈیفالٹ کے خدشات میں نمایاں کمی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ “عالمی جریدے کے مطابق پاکستان کے کریڈٹ ڈیفالٹ سوآپ (CDS) میں 2200 بیسز پوائنٹس کی کمی ہوئی ہے، جو عالمی سرمایہ کاروں کے بڑھتے اعتماد کی علامت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے سی ڈی ایس ریٹس میں کمی کے نتیجے میں ملک کے دیوالیہ ہونے کے امکانات نمایاں طور پر گھٹ گئے ہیں، جبکہ عالمی سرمایہ کار اب پاکستان کی معیشت کو ایک ابھرتی ہوئی مضبوط معیشت کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔
بلومبرگ کے مطابق، عالمی درجہ بندی میں پاکستان دنیا کی ابھرتی معیشتوں میں ترکیہ کے بعد دوسرے نمبر پر ہے، جو کہ ملکی معاشی پالیسیوں کے درست سمت میں ہونے کا واضح اشارہ ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ “گزشتہ حکومت کے اختتام پر ملک ڈیفالٹ کے دہانے پر کھڑا تھا، مگر آج عالمی ادارے پاکستان کی معیشت میں استحکام اور اعتماد کی بحالی کو تسلیم کر رہے ہیں۔”
وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ حکومت نے دن رات محنت اور بہترین معاشی نظم کے ذریعے ملک کو بحران سے نکالا۔
انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی حکومت کی پالیسیوں، پاکستانی عوام کی قربانیوں، اور ملکی و بین الاقوامی کاروباری برادری کے بھرپور تعاون کا نتیجہ ہے۔
شہباز شریف نے عزم ظاہر کیا کہ پاکستان ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہو چکا ہے، اب یہ ترقی کا سفر کسی رکاوٹ کے بغیر جاری رہے گا۔
