اسلام آباد:ایوانِ صدر اسلام آباد میں ایک اہم اور تاریخی ملاقات ہوئی، جب صدرِ مملکت پاکستان آصف علی زرداری نے رابطہ عالمِ اسلامی کے سیکرٹری جنرل اور رئیس هيئة علماء المسلمين، شیخ ڈاکٹر محمد العیسی کا پرتپاک استقبال کیا۔یہ ملاقات اسلامی دنیا کے فکری، سماجی اور سفارتی تعاون کے ایک نئے دور کا آغاز ثابت ہوئی۔
ملاقات کے دوران اسلامی اتحاد، بین المذاہب مکالمہ، اسلاموفوبیا کے خاتمے، اور اقوامِ عالم میں اسلام کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے جیسے موضوعات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
صدر آصف علی زرداری نے شیخ محمد العیسی کی عالمی سطح پر اسلام کے اعتدال پسند پیغام کو فروغ دینے کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر محمد العیسی امتِ مسلمہ کے ایک ایسے فکری رہنما ہیں جو جدید دنیا میں اسلام کے حقیقی چہرے امن، رواداری اور باہمی احترام کو پیش کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان، رابطہ عالمِ اسلامی کے ساتھ تعلقات کو دینی، فکری اور سفارتی سطح پر انتہائی اہمیت دیتا ہے، کیونکہ یہ ادارہ دنیا بھر میں امتِ مسلمہ کی نمائندہ آواز ہے۔
شیخ محمد العیسی نے صدر زرداری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان عالمی سطح پر اسلامی اتحاد کا ستون ہے، اور رابطہ عالمِ اسلامی اس کے ساتھ فکری اور عملی تعاون کو مزید مضبوط بنائے گا۔انہوں نے زور دیا کہ اسلام عدل، رحمت اور بقائے باہمی کا مذہب ہے، اور مسلم ممالک کو چاہیے کہ وہ علم، مکالمہ اور مثبت کردار کے ذریعے دنیا میں اسلام کا روشن چہرہ پیش کریں۔
ملاقات نہایت خوشگوار اور بامقصد ماحول میں ہوئی، جس کے دوران اسلامی ممالک کے باہمی تعلقات، اقلیتوں کے حقوق، اور جدید دنیا میں مذہبی فہم و شعور کے فروغ پر بھی گفتگو کی گئی۔آخر میں دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور رابطہ عالمِ اسلامی عالمی امن، مکالمے اور انسانی اقدار کے فروغ کے لیے ایک مشترکہ وژن کے تحت کام جاری رکھیں گے۔
یہ ملاقات پاکستان اور اسلامی دنیا کے درمیان فکری و روحانی تعلقات کے استحکام کا ایک اور اہم سنگِ میل ثابت ہوئی۔
