ریاض:سعودی عرب میں ادارہ امورِ حرمین شریفین نے عمرہ زائرین اور نمازیوں کے لیے ایک جدید ڈیجیٹل رہنما ایپ دلیل المصلی
متعارف کرادی ہے،جو اردوسمیت سات عالمی زبانوں میں دستیاب ہے۔ یہ ایپ زائرین کو عبادات، نمازوں کے اوقات، آئمہ و مؤذنین کی معلومات، قرآنی نسخے، خطبات اور مسنون اذکار تک بآسانی رسائی فراہم کرتی ہے۔
سعودی میڈیا کے مطابق دلیل المصلی ایپ میں حرمین شریفین کی نمازوں کے اوقات، ائمہ و مؤذنین کا تعارف، قرآنِ کریم کے ڈیجیٹل نسخے، خطباتِ جمعہ اور درسِ قرآن و حدیث کے شیڈول شامل کیے گئے ہیں۔
ایپ میں رمضان المبارک کے دوران اعتکاف کے ضوابط اور مسنون اذکار سے متعلق مکمل رہنمائی بھی فراہم کی گئی ہے، جس سے عبادت گزاروں کو حرم میں دینی امور کی انجام دہی میں آسانی ہوگی۔
اس ایپ کی ایک نمایاں خصوصیت ڈیجیٹل واچ فیچر ہے، جو ایک نماز سے دوسری نماز کے درمیان وقت کی درست نشاندہی کرتا ہے۔یہ سہولت زائرین کو نماز کی تیاری، اذان اور جماعت کے اوقات کو سمجھنے میں مدد دیتی ہے خصوصاً غیر عربی زبان بولنے والے معتمرین کے لیے یہ ایک قابلِ قدر قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
دلیل المصلی ایپ اردو، عربی، انگریزی، ترکی، فرانسیسی، ملاوی اور انڈونیشیائی زبانوں میں دستیاب ہے۔اسے سادہ اور صارف دوست (User-Friendly)انداز میں ڈیزائن کیا گیا ہے تاکہ ہر عمر اور قومیت کا زائر آسانی سے اس سے مستفید ہو سکے۔
زائرین کے لیے حرمین شریفین کے مختلف مقامات پر کیو آر کوڈز نصب کیے گئے ہیں۔ان کوڈز کو موبائل سے اسکین کرنے پر زائرین براہِ راست "دلیل المصلی” ایپ تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں اور اپنی زبان میں رہنمائی حاصل کر سکتے ہیں۔
دلیل المصلی ایپ سعودی عرب کی اس پالیسی کا حصہ ہے جس کے تحت مملکت حرمین شریفین کے زائرین کو ٹیکنالوجی کے ذریعے سہولت اور روحانیت کا امتزاج فراہم کرنا چاہتی ہے۔
یہ اقدام مملکت کے اس وژن کی عکاسی کرتا ہے جو حرمین شریفین میں عبادت کے تجربے کو مزید پر سکون، منظم اور مؤثر بنانے پر مرکوز ہے۔
