اسلام آباد:اسلام آباد کے رہائشی علاقے بحریہ انکلیو فیز 1 میں ریٹائرڈ ایئر کموڈور عبدالسلام نے مبینہ طور پر خودکشی کر لی۔ پولیس کے مطابق عبدالسلام نے خود کو سر پر گولی مار کر زندگی کا خاتمہ کیا۔
تھانہ بنی گالا پولیس کے ترجمان کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچی اور عبدالسلام کو شدید زخمی حالت میں فاروق اسپتال منتقل کیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ کو سیل کر کے تمام شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں، جن میں استعمال ہونے والا اسلحہ، گولی کا خول اور دیگر فرانزک شواہد شامل ہیں۔ ابتدائی طور پر واقعہ مبینہ خودکشی قرار دیا گیا ہے، تاہم تحقیقات تمام پہلوؤں سے جاری ہیں تاکہ اصل وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔
اسلام آباد پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات میں کوئی مشتبہ عنصر سامنے نہیں آیا، لیکن پولیس نے ذاتی، مالی یا نفسیاتی وجوہات سمیت تمام امکانات پر غور شروع کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پولیس نے عبدالسلام کے اہلِ خانہ اور قریبی دوستوں کے بیانات ریکارڈ کر لیے ہیں۔ فرانزک رپورٹ اور پوسٹ مارٹم کی روشنی میں واقعے کی حتمی نوعیت طے کی جائے گی۔
واضح رہے کہ پولیس واقعے کے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لے رہی ہے تاکہ یہ معلوم ہو سکے کہ یہ واقعہ خودکشی تھا یا کسی اور نوعیت کا معاملہ۔
