اسلام آباد: وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز چوہدری سالک حسین نے ملک کے مختلف ائیرپورٹس پر ورک ویزا اور پروٹیکٹر سرٹیفیکیٹ رکھنے والے پاکستانی ورکرز کے آف لوڈ ہونے کے واقعات کا اعلیٰ سطح اجلاس میں جائزہ لیا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے رفعت مختار نے بھی شرکت کی اور لاہور و کراچی ائیرپورٹس پر پیش آنے والے مسائل پر تفصیلی بریفنگ دی۔
چوہدری سالک حسین نے کہا کہ بیرون ملک روزگار کے لیے جانے والے پاکستانی ہمارے لیے انتہائی قابل عزت ہیں اور کسی بھی سرکاری اہلکار کو ورکرز کو غیر قانونی طور پر ائیرپورٹس پر روکنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ورک ویزا اور پروٹیکٹر سرٹیفیکیٹ رکھنے کے باوجود آف لوڈ کیے جانے والے واقعات ناقابل قبول ہیں اور ان کی سخت تحقیقات کی جائیں گی۔
ڈی جی ایف آئی اے رفعت مختار نے اجلاس میں واضح کیا کہ ورک ویزا پر بیرون ملک جانے والے پاکستانیوں کے لیے کوئی نئی شرطیں یا بیان حلفی لینے کا طریقہ کار نافذ نہیں کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ لاہور اور کراچی ائیرپورٹس پر پیش آنے والے واقعات کی تحقیقات جاری ہیں اور اگر ایف آئی اے کے کسی اہلکار کو ملوث پایا گیا تو سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
چوہدری سالک حسین نے اجلاس میں ورکرز کے تحفظ اور سہولت کے لیے کہا کہ نیا ڈیجیٹل نظام جلد متعارف کرایا جائے گا، جس کے تحت ورکرز روانگی سے قبل امیگریشن کے عمل کو آن لائن مکمل کر سکیں گے۔ اس اقدام سے نہ صرف ورکرز کے مسائل کم ہوں گے بلکہ ائیرپورٹس پر غیر ضروری رکاوٹیں بھی ختم ہو جائیں گی۔
وفاقی وزیر نے زور دیا کہ حکومت بیرون ملک جانے والے پاکستانیوں کے حقوق اور سہولیات کے تحفظ کے لیے تمام اقدامات کرے گی تاکہ ورکرز کو عزت اور آسانی کے ساتھ بیرون ملک روزگار کے مواقع میسر آئیں۔
