اسلام آباد:چیف فیلڈمارشل عاصم منیرنےکہاہے کہ بھارت کے خلاف حالیہ جنگ میں اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو سرخرو کیا اور پاکستانی افواج نے ثابت کیا کہ جب مسلمان اللہ پر بھروسہ کرتا ہے تو اس کی پھینکی ہوئی مٹی بھی دشمن کے لیے میزائل بن جاتی ہے۔
ایوانِ صدر میں اردن کے شاہ عبداللہ دوم کو نشانِ امتیاز عطا کرنے کی تقریب کے موقع پر "جنگ” سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سپہ سالار نے کہا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے، تاہم اگر جنگ مسلط کی گئی تو جواب وہی ہوگا جو مئی میں دیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کے حکم اور فرمان کے مطابق اپنے فرائض انجام دیتا ہوں، اور یہ اللہ کا خاص کرم ہے کہ پاکستان نے اپنے دشمن کو واضح طور پر دھول چٹائی ہے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہایہ فوج اللہ کی فوج ہے، ہمارے سپاہی اللہ کے نام پر لڑتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو اللہ نے عزت بخشی ہے، اور مشکل وقت میں پاکستانی قوم اور افواج نے جس عزم، اتحاد اور ایمان کا مظاہرہ کیا، وہ دشمن کے لیے واضح پیغام تھا کہ پاکستان کی سرزمین پر میلی نظر ڈالنے والوں کا انجام ہمیشہ عبرت ناک ہوگا۔
سپہ سالار نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہش مند ہے، مگر کسی بھی جارحیت کا جواب مضبوط، مؤثر اور خطے کی سلامت کے مطابق دیا جائے گا۔
تقریب کے دوران فیلڈ مارشل اور شاہ عبداللہ دوم کے درمیان دفاعی تعلقات، خطے کی صورتحال اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے فروغ پر بھی تفصیلی بات چیت ہوئی۔
