کراچی :پاک بحریہ نے مقامی طور پر تیار کردہ اینٹی شپ بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے، جو جدید ترین گائیڈنس سسٹم اور اعلیٰ نقل و حرکت کی خصوصیات سے مزین ہے اور سمندری و زمینی اہداف کو انتہائی درستگی کے ساتھ نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
چیف آف دی نیول اسٹاف نے سینئر سائنسدانوں اور انجینئرز کے ہمراہ اس فلائٹ ٹیسٹ کا مشاہدہ کیا، جس سے پاکستان کی تکنیکی مہارت اور دفاعی خود انحصاری کے عزم کا منہ بولتا ثبوت ملا۔
پاک بحریہ کے مطابق یہ کامیاب تجربہ نہ صرف قومی مفادات کے تحفظ میں اہم کردار ادا کرتا ہے بلکہ ملکی دفاعی صنعت کی صلاحیتوں کو بھی اجاگر کرتا ہے۔ صدر پاکستان، وزیراعظم، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس نے اس سنگ میل کی کامیابی پر حصہ لینے والے یونٹس اور سائنسدانوں کو مبارکباد دی اور کہا کہ یہ پاکستان کی دفاعی خود مختاری اور تکنیکی ترقی کی جانب ایک بڑا قدم ہے۔
یہ تجربہ پاکستان کی ملکی اور بین الاقوامی سطح پر دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط کرنے کے عزم کا مظہر ہے اور مستقبل میں پاک بحریہ کے میزائل نظام کی استعداد کو مزید بڑھانے میں مددگار ثابت ہوگا۔
