اسلام آباد:پاکستانی مذہبی اسکالر مفتی عبدالقوی اس وقت سوشل میڈیا پر ایک بار پھر توجہ کا مرکز بن گئے ہیں، جہاں ان کی ایک نئی ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔ ویڈیو میں مفتی قوی بالی ووڈ کی مشہور اداکارہ ایشوریا رائے بچن سے نکاح سے متعلق حیران کن دعوے کرتے نظر آرہے ہیں۔
وائرل کلپ میں مفتی قوی نے دعویٰ کیا کہ ایشوریا رائے اور ان کے شوہر ابھیشیک بچن کے درمیان علیحدگی کی صورتحال جنم لے رہی ہے، اور اگر یہ سلسلہ آگے بڑھا تو دو سے چار ماہ میں ایشوریا رائے کی طرف سے میرے لیے پیغامِ نکاح آجائے گا۔
میزبان کی جانب سے دریافت کیے جانے پر کہ ایک غیر مسلم خاتون سے شادی کس طرح ممکن ہے، مفتی عبدالقوی نے راکھی ساونت کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ جیسے راکھی ساونت نے اپنا مذہب بدل کر فاطمہ رکھا، اسی طرح میں پہلے ایشوریا رائے کو مسلمان کروں گا اور ان کا اسلامی نام عائشہ رائے رکھوں گا۔
واضح رہے کہ چند عرصہ قبل بھی مفتی قوی نے بھارتی اداکارہ راکھی ساونت کو شادی کی پیشکش کی تھی، جس پر راکھی ساونت نے دلچسپ ردِعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ مفتی قوی کو جھیلنا آسان نہیں، وہ بہت مختلف انسان ہیں!”
مفتی عبدالقوی کے یہ تازہ بیانات سوشل میڈیا پر بحث، تنقید اور طنزیہ مزاح کا نیا سلسلہ چلا رہے ہیں، جب کہ ان کے ان دعوؤں پر کوئی تصدیق بھارتی فلم انڈسٹری کی جانب سے سامنے نہیں آئی۔
