اسلام آباد:وزیرِمملکت برائے مذہبی اموروبین المذاہب ہم آہنگی کھیئل داس کوہستانی نے بھارتی وزیرِ دفاع راج ناتھ سنگھ کے حالیہ بیان کو غیر سنجیدہ، اشتعال انگیز اور حقائق سے عاری قرار دیتے ہوئے سخت ردعمل دیا ہے۔
اپنے بیان میں کھیئل داس کوہستانی نے کہا کہ پاکستان خصوصاً سندھ میں ہندو برادری مکمل مذہبی آزادی کے ساتھ خوش اور محفوظ زندگی گزار رہی ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ “راج ناتھ سنگھ پہلے یہ بتائیں کہ ان کے اپنے ملک میں اقلیتیں کتنی خوش ہیں؟
انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیرِ دفاع کا سیاسی سفر آر ایس ایس جیسے انتہا پسندانہ نظریے سے شروع ہوا اور آج وہ بی جے پی میں اسی سوچ کی نمائندگی کر رہے ہیں۔
کھیئل داس کوہستانی نے الزام عائد کیا کہ راج ناتھ سنگھ کا نظریہ انسانیت دشمنی، نفرت انگیزی، انتہا پسندی اور اشتعال انگیزی سے بھرا ہوا ہے۔
وزیرِ مملکت نے مشورہ دیتے ہوئے کہابھارتی وزیر دفاع ماں بھارت پڑھ لیں، اتھاس (Itihas) کا مطالعہ کر لیں، انہیں حقائق خود بخود معلوم ہو جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کے رہنما پاکستان پر بے بنیاد الزامات لگانے کے بجائے اپنے ملک میں اقلیتوں کے خلاف بڑھتے تشدد، نفرت انگیز مہمات اور مذہبی انتہا پسندی پر توجہ دیں۔
