وزیرمملکت داخلہ طلال چوہدری نےکہا ہے کہ پی ٹی آئی اپنی سیاسی ناکامیوں کو چھپانے کے لیے عمران خان سے ملاقات کے معاملے کو ایک نیا سیاسی اسٹنٹ بنا کر پیش کر رہی ہے کیونکہ پارٹی کی تمام تحریکیں اور دعوے یکے بعد دیگرے ناکام ہوچکے ہیں۔
انہوں نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہا کہ 26 نومبر کا سیاسی شو بھی بری طرح ناکام ہوا، نہ مشترکہ اپوزیشن کچھ کر سکی اور نہ وکلا تحریک کوئی اثر دکھا سکی۔ طلال چوہدری کے مطابق پی ٹی آئی عدالتی احکامات کی بھی پابندی نہیں کرتی اور اب جیل مینوئل کے باوجود ملاقاتوں کو سیاسی ایشو بنا رہی ہے، حالانکہ قیدیوں کی ملاقاتوں کا فیصلہ صرف جیل حکام کرتے ہیں، حکومت نہیں۔
انہوں نے الزام لگایا کہ عمران خان نے جیل ملاقاتوں میں ایسے احکامات جاری کیے جن سے انتظامی مسائل پیدا ہوئے، جبکہ جیل کے باہر ہنگامہ آرائی کرکے دیگر قیدیوں کے لیے خطرات پیدا کیے جاتے ہیں۔ عمران خان کی صحت سے متعلق افواہوں پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے اپنے قائد کو “ایک درجن بار فوت” کیا، اور افغانستان و بھارتی میڈیا میں چلنے والی خبروں کو سیاسی ایجنڈا بنانے کی کوشش کی۔ طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کا بیانیہ دراصل ملک دشمن عناصر کے بیانیے کی ترمیم شدہ شکل ہے، جسے پارٹی قیادت سوشل میڈیا اور بیانات کے ذریعے آگے بڑھاتی ہے۔
