امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی پریس سیکرٹری کیرولائن لیوٹ کی غیر معمولی انداز میں تعریف کرتے ہوئے ریلی کے شرکاء کو حیران کر دیا۔ پنسلوینیا میں انتخابی مہم سے خطاب کے دوران صدر ٹرمپ نے کیرولائن کی میڈیا پرفارمنس، اعتماد اور اندازِ گفتگو کو بھرپور سراہتے ہوئے کہا کہ “ان کا چہرہ خوبصورت ہے اور ان کے ہونٹ مشین گن کی طرح چلتے ہیں۔”
ٹرمپ نے سامعین سے خطاب کرتے ہوئے مسکراتے ہوئے کہا کہ جب کیرولائن ٹیلی ویژن پر آتی ہیں تو مکمل طور پر چھا جاتی ہیں اور مخالفین کو جواب دینے میں ایک لمحہ بھی نہیں لگاتیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کیرولائن کو ٹی وی پر دلیرانہ انداز میں بات کرنے سے کوئی خوف نہیں ہوتا، کیونکہ “ہماری تمام پالیسیاں بلکل درست ہیں، اسی لیے ہماری ٹیم بے خوف ہو کر حقائق بیان کرتی ہے۔”
ریلی کے دوران ٹرمپ کی یہ طنزیہ، مزاحیہ مگر بھرپور اعتماد سے لبریز تعریفیں سن کر شرکاء بار بار تالیاں بجاتے رہے۔ کیرولائن لیوٹ، جو ٹرمپ کی کم عمر مگر موثر پریس سیکرٹری سمجھی جاتی ہیں، اپنی جارحانہ میڈیا اسٹریٹجی کی وجہ سے پہلے ہی شہ سرخیوں میں رہتی ہیں، اور اب صدر ٹرمپ کے ان بیانات نے ایک مرتبہ پھر انہیں خبروں کا مرکز بنا دیا ہے۔
سیاسی ماہرین کے مطابق ٹرمپ کا یہ انداز نہ صرف ان کی ٹیم پر اعتماد ظاہر کرتا ہے بلکہ انتخابی مہم میں اپنی فرنٹ لائن اسپوکس پرسن کو نمایاں کرنے کا حصہ بھی ہے۔
