ڈبلیو ڈبلیو ای کے لیجنڈری ریسلر جان سینا نے واشنگٹن ڈی سی میں ہونے والے سنیچر نائٹس مین ایونٹ میں اپنے شاندار اور تاریخی ریسلنگ کیریئر کو باضابطہ طور پر الوداع کہہ دیا۔ 17 مرتبہ کے ورلڈ چیمپئن جان سینا نے اپنے آخری مقابلے میں آسٹریا کے طاقتور اسٹار ریسلر گنتر کا سامنا کیا۔
تماشائیوں سے کھچا کھچ بھرے اسٹیڈیم میں ہونے والا یہ مقابلہ ابتدا ہی سے انتہائی سنسنی خیز رہا۔ دونوں ریسلرز نے اپنی بھرپور مہارت، طاقت اور تجربے کا مظاہرہ کیا، اور ایک موقع پر مقابلہ جان سینا کے حق میں جاتا ہوا دکھائی دے رہا تھا۔ تاہم گنتر نے مسلسل اور سخت سلیپر ہولڈ لگا کر جان سینا کو مشکل میں ڈال دیا، جس کے سامنے وہ خود کو نہ بچا سکے اور حیران کن طور پر ٹیپ آؤٹ کر گئے۔
جان سینا کی شکست پر اسٹیڈیم میں موجود شائقین پر سناٹا چھا گیا، جبکہ کئی مداحوں کے چہروں پر مایوسی اور جذبات نمایاں تھے۔ یہ لمحہ ریسلنگ کی تاریخ کے سب سے جذباتی لمحات میں شمار کیا جا رہا ہے۔
مقابلے کے بعد جان سینا نے علامتی طور پر اپنے جوتے، آرم بینڈ اور کلائی بینڈز رنگ میں رکھ دیے، جو ریسلنگ سے ریٹائرمنٹ کی واضح علامت سمجھی جاتی ہے۔ اس موقع پر رنگ کے گرد موجود ساتھی ریسلرز اور ہزاروں شائقین نے کھڑے ہو کر انہیں زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔
رنگ سے آخری بار رخصت ہوتے ہوئے جان سینا نے کیمرے کی طرف دیکھ کر مداحوں سے کہا:ان تمام برسوں میں آپ کی خدمت کرنا میرے لیے اعزاز رہا، آپ سب کا دل سے شکریہ۔ان کے یہ الفاظ مداحوں کے دلوں کو چھو گئے اور اسٹیڈیم تالیوں سے گونج اٹھا۔
