واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف سخت امیگریشن پالیسی کے تحت امریکا چھوڑنے والوں کو مالی مراعات دینے کا اعلان کر دیا ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی محکمۂ ہوم لینڈ سکیورٹی نے سال کے اختتام تک غیر قانونی تارکین وطن کو رضاکارانہ طور پر خود ساختہ جلاوطنی اختیار کرنے پر رقم اور سفری سہولیات فراہم کرنے کی پیشکش کی ہے۔
ہوم لینڈ سکیورٹی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وہ غیر ملکی تارکین وطن جو CBP Home ایپ کے ذریعے خود کو ڈی پورٹ کرنے کے لیے رجسٹریشن کرائیں گے، انہیں اپنے وطن واپسی کے لیے مفت ہوائی جہاز کا ٹکٹ فراہم کیا جائے گا، جبکہ اس کے ساتھ 3 ہزار امریکی ڈالر بھی دیے جائیں گے۔
محکمۂ ہوم لینڈ سکیورٹی کے مطابق اس سے قبل رضاکارانہ طور پر وطن واپس جانے والے غیر قانونی تارکین وطن کو دی جانے والی رقم ایک ہزار ڈالر تھی، جسے اب بڑھا کر 3 ہزار ڈالر کر دیا گیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد خود ملک چھوڑنے پر آمادہ ہوں۔ سیکرٹری ہوم لینڈ سکیورٹی کرسٹی نوم نے خبردار کیا ہے کہ جو افراد رضاکارانہ طور پر امریکا نہیں چھوڑیں گے انہیں گرفتاری، جبری ملک بدری اور امریکا میں دوبارہ داخلے پر مستقل پابندی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت غیر قانونی امیگریشن کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے اور اس سلسلے میں نرم اور سخت دونوں راستے اختیار کیے جا رہے ہیں۔
کرسٹی نوم کے مطابق رواں سال جنوری سے اب تک 1.9 ملین غیر قانونی تارکین وطن رضاکارانہ طور پر خود کو ملک بدر کر چکے ہیں، جبکہ ہزاروں افراد نے CBP ہوم پروگرام سے فائدہ اٹھاتے ہوئے امریکا چھوڑا ہے۔ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام نہ صرف امیگریشن نظام پر دباؤ کم کرنے میں مدد دے گا بلکہ قانونی طریقے سے امیگریشن کے عمل کو بھی مؤثر بنائے گا۔
