غزہ/مقبوضہ مغربی کنارہ:
اسرائیلی وزیرِ دفاع یسرائیل کاٹز نے غزہ سے انخلاء کے عالمی مطالبات اور امن معاہدوں کو یکسر مسترد کرتے ہوئے اعلان کیا:ہے کہ اسرائیلی فوج کبھی غزہ نہیں چھوڑے گی۔ ان کے اس بیان نے خطے میں جاری کشیدگی کو مزید بڑھا دیا ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق مقبوضہ مغربی کنارے میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسرائیلی وزیرِ دفاع نے کہا کہ ہم غزہ کے اندر تک موجود ہیں اور ہم کبھی غزہ نہیں چھوڑیں گے۔
یسرائیل کاٹز کا کہنا تھا کہ اسرائیلی افواج غزہ میں دفاعی مقاصد کے لیے موجود ہیں تاکہ
جو کچھ ہوا وہ دوبارہ نہ ہو۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اسرائیل اپنے دفاع کے لیے کسی دوسرے ملک یا قوت پر انحصار نہیں کر سکتا۔
اسرائیلی وزیرِ دفاع نے مزید کہا کہ اسرائیل اپنی عسکری طاقت پر مکمل اعتماد رکھتا ہے اور مناسب وقت پر شمالی غزہ میں شہری اور فوجی یونٹس تعمیر کیے جائیں گے، جو کہ مستقبل میں مستقل موجودگی کا واضح اشارہ ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ
“ہم وزراء ہیں اور یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ایسے اقدامات کو سرکاری سطح پر نافذ کریں۔ اپنے دفاع کے لیے ہمیں خود ہی کھڑا ہونا ہوگا۔”
دوسری جانب غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق غزہ امن معاہدے کے تحت اسرائیلی فوج کو غزہ سے مکمل انخلاء کرنا ہے، تاہم وزیرِ دفاع کے حالیہ بیان نے اس معاہدے پر شدید شکوک و شبہات پیدا کر دیے ہیں۔
سیاسی اور عالمی مبصرین کا کہنا ہے کہ اسرائیلی وزیرِ دفاع کا یہ اعلان بین الاقوامی قوانین، اقوامِ متحدہ کی قراردادوں اور امن کوششوں کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے، جبکہ غزہ میں پہلے سے موجود انسانی بحران کے مزید سنگین ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔
