مسقط:سلطانِ عمان ہیثم بن طارق نے سعودی رائل ایئر فورس کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ترکی بن بندر کو سلطنتِ عمان اور مملکتِ سعودی عرب کے درمیان فوجی تعاون کو مضبوط بنانے کی کوششوں اور نمایاں خدمات کے اعتراف میں سیکنڈ کلاس ’’عمان ملٹری میڈل‘‘ عطا کیا ہے، جسے ’’وسامِ عمان‘‘ بھی کہا جاتا ہے۔
یہ اعلیٰ عسکری اعزاز نائب وزیر اعظم برائے دفاعی امور شہاب بن طارق آل سعید نے ایک باوقار تقریب کے دوران پیش کیا۔ اس موقع پر دونوں برادر ممالک کے درمیان دفاعی تعلقات کی مضبوطی اور باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
تقریب میں سلطنتِ عمان کی سلطانی فضائیہ کے سربراہ ایئر وائس مارشل خمیس بن حماد الغافری، سلطنت عمان میں تعینات سعودی سفیر اور سعودی ملٹری اتاشی سمیت اعلیٰ عسکری و سفارتی شخصیات نے شرکت کی، جو دونوں ممالک کے قریبی دفاعی تعلقات کی عکاس ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ اعزاز خطے میں استحکام، دفاعی ہم آہنگی اور مشترکہ فوجی مفادات کے فروغ کے لیے سعودی عرب اور عمان کے مابین جاری تعاون کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔ اس اقدام کو دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کی مزید مضبوطی کی علامت قرار دیا جا رہا ہے۔
