پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ملک بھر میں تمام موبائل سمز کا متعلقہ صارف کے نام پر رجسٹر ہونا لازمی قرار دیتے ہوئے کسی اور کے نام پر رجسٹرڈ سم کے استعمال کو قانونی خلاف ورزی قرار دے دیا ہے۔
پی ٹی اے کے مطابق اب ہر صارف اس بات کا پابند ہوگا کہ وہ اپنی تمام سمز اور ٹیلی کام کنکشنز اپنے شناختی کارڈ پر رجسٹرڈ کروائے۔ اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ کسی دوسرے فرد کے نام پر رجسٹرڈ سم کا استعمال نہ صرف غیر قانونی ہے بلکہ اس کے ممکنہ غلط استعمال کی مکمل ذمہ داری بھی رجسٹرڈ صارف پر عائد ہوگی۔
پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ سمز کے ذریعے کی جانے والی کالز، میسجز اور انٹرنیٹ ڈیٹا کے استعمال پر نافذ ضوابط کی پابندی ہر صورت لازم ہوگی۔ خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ صارف کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے، جس میں سم بلاک کرنا، جرمانہ یا دیگر قانونی اقدامات شامل ہو سکتے ہیں۔
اتھارٹی کے مطابق اس اقدام کا مقصد غیر قانونی سرگرمیوں، فراڈ، اور شناخت کے غلط استعمال کی روک تھام کے ساتھ ساتھ عوامی تحفظ اور ڈیجیٹل نظام کو مزید محفوظ بنانا ہے۔ پی ٹی اے نے صارفین سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر اپنی سمز کی تصدیق اور رجسٹریشن مکمل کریں تاکہ کسی بھی ممکنہ قانونی پیچیدگی سے بچا جا سکے۔
