امریکی ریاست آرکنساس میں قسمت نے ایک عام شہری کو راتوں رات دنیا کے امیر ترین افراد کی صف میں لا کھڑا کیا، جہاں پاوربال لاٹری کا 1.8 ارب ڈالر کا شاندار جیک پاٹ نکل آیا۔ یہ انعام امریکہ میں اب تک جیتا جانے والا دوسرا سب سے بڑا لاٹری جیک پاٹ ہے، جس نے کرسمس ایو کو یادگار بنا دیا۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق پاوربال انتظامیہ نے اپنے جاری کردہ بیان میں تصدیق کی کہ حتمی ٹکٹ فروخت کے بعد جیک پاٹ کی مجموعی مالیت 1.817 ارب ڈالر تک جا پہنچی، جو نہ صرف رواں برس کا سب سے بڑا پاوربال انعام ہے بلکہ امریکی لاٹری تاریخ کے اہم ترین لمحات میں بھی شمار کیا جا رہا ہے۔
یہ قرعہ اندازی کرسمس ایو کی شام منعقد ہوئی، جس کے باعث تہوار کی خوشیوں میں غیر معمولی اضافہ ہوا۔ لاٹری انتظامیہ کے مطابق فاتح کو یہ انتخاب حاصل ہے کہ وہ پوری رقم 30 سالہ سالانہ اقساط کی صورت میں وصول کرے یا ٹیکس کی کٹوتی سے قبل 834.9 ملین ڈالر کی خطیر رقم ایک بار نقد لینے کو ترجیح دے۔ ماہرین کے مطابق زیادہ تر فاتحین فوری نقد رقم کے آپشن کا انتخاب کرتے ہیں، تاہم اقساط کی صورت میں رقم مجموعی طور پر کہیں زیادہ بنتی ہے۔
پاوربال انتظامیہ کے مطابق اس عظیم الشان جیک پاٹ کو جیتنے کے امکانات 29 کروڑ 22 لاکھ میں ایک تھے، جو اس کامیابی کو نہایت نایاب اور حیران کن بنا دیتے ہیں۔ بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب ہونے والی قرعہ اندازی میں جیتنے والے نمبرز 4، 25، 31، 52 اور 59 رہے، جبکہ پاوربال نمبر 19 نکلا۔ ان نمبرز کے سامنے آتے ہی امریکہ بھر میں لاٹری کھلاڑیوں میں سنسنی کی لہر دوڑ گئی۔
اعداد و شمار کے مطابق امریکی تاریخ کا سب سے بڑا لاٹری انعام 2.04 ارب ڈالر تھا، جو سنہ 2022 میں کیلیفورنیا سے ٹکٹ خریدنے والے ایک شخص نے جیتا تھا، جبکہ موجودہ انعام اس کے بعد دوسرے نمبر پر آتا ہے۔ پاوربال نے مزید بتایا کہ کرسمس ایو پر اس سے قبل صرف ایک بار 2011 میں جیک پاٹ جیتا گیا تھا، جبکہ کرسمس کے دن اب تک چار مرتبہ یہ اعزاز کسی نہ کسی خوش نصیب کے نام رہا ہے۔
واضح رہے کہ پاوربال لاٹری کا آغاز 1992 میں ہوا تھا اور وقت کے ساتھ ساتھ یہ دنیا کی سب سے مقبول اور زیادہ انعامی لاٹریز میں شامل ہو چکی ہے۔ ماہرین کے مطابق ڈیجیٹل فروخت اور آن لائن ٹکٹنگ میں اضافے کے باعث حالیہ برسوں میں جیک پاٹس کی مالیت میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے، جس نے پاوربال کو عالمی سطح پر غیر معمولی شہرت دلائی ہے
