اسلام آباد: حکومت نے قومی ایئر لائن پی آئی اے کی تاریخی نجکاری کے عمل کو تیز کرتے ہوئے بولیوں کی وصولی کے لیے وسط دسمبر کی حتمی تاریخ مقرر کر دی ہے، جس سے یہ طویل عرصے سے رکا ہوا عمل ایک بار پھر عملی مرحلے میں داخل ہو گیا ہے۔
باخبر حکام کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف آج (بدھ) وزیراعظم ہاؤس میں تمام پری کوالیفائیڈ بولی دہندگان کے اعزاز میں ظہرانہ دیں گے، جو اس اہم منصوبے میں حکومت کی سنجیدگی اور کمٹمنٹ کی بھرپور عکاسی کرتا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ پیش رفت اس بات کا واضح اشارہ ہے کہ حکومت نجکاری کے اس تاریخی عمل کو مقررہ وقت میں مکمل کرنے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔
نجکاری کے لیے بولیوں کی جمع آوری 12 سے 15 دسمبر 2025 کے درمیان متوقع ہے، جبکہ وزیراعظم سے توقع ہے کہ وہ آج کے ملاقات میں سرمایہ کاروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کریں گے کہ حکومت مستقبل میں بھی سرمایہ کار دوست پالیسیاں جاری رکھتے ہوئے اسٹریٹیجک شعبوں میں اصلاحات کو برقرار رکھے گی۔
سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری محمد علی نے اس پورے عمل میں کلیدی کردار ادا کیا ہے اور بڑے قومی و بین الاقوامی کاروباری گروپس کو نجکاری کے عمل کا حصہ بنانے میں اہم خدمات انجام دی ہیں۔
حکومت کی جانب سے نجکاری کے عمل کو تیز کرنے کی یہ کاوش اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان اپنی قومی ایئرلائن کے مستقبل کو زیادہ مؤثر، جدید اور مالی طور پر مستحکم خطوط پر استوار کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہا ہے۔
