مدینہ منورہ کے گورنر اور حج وزٹ کمیٹی کے چیئرمین شہزادہ سلمان بن سلطان نے رمضان المبارک کے مقدس مہینے کی تیاریوں پر غور کے لیے ایک اجلاس کی صدارت کی۔
اجلاس میں متعدد سرکاری اداروں کے سربراہان نے شرکت کی۔
شہزادہ سلمان نے مسجد نبوی کے زائرین کے لیے سعودی قیادت کی طرف سے حکام کو جدید سہولیات فراہم کرنے کی تاکید کی۔
اب تک کے انتظامات پر اور دیکھ بھال کی تعریف کرتے ہوئے امیر مدینہ منورہ نے تمام متعلقہ اداروں کو کام بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ رمضان کے مہینے میں زائرین کے لیے آرام، آسانی اور تحفظ کی اعلیٰ سطح کو یقینی بنایا جا سکے۔
اجلاس میں پرنس محمد بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر آپریشنز سے متعلق تازہ ترین پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ امیر مدینہ منورہ نے مدینہ ائیر پورٹ اور حرمین شریفین ٹرین کے انتظامات کو مزید بہتر بنانے پر زور دیا۔
انھوں نے حکام کو تاکید کی کہ وہ عمرہ زائرین کو مکمل اور بہترین سہولیات فراہم کریں، خاص طور پر رمضان المبارک میں کسی جگہ کوئی کمی باقی نہیں رہنی چاہیے۔
امیر مدینہ منورہ نے حرم مدنی کے اطراف میں قائم ہوٹلز اور کاروباری مراکز میں قیمتوں کے کنٹرول پر چیک اینڈ بیلنس بڑھانے پر بھی زور دیا۔
انھوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے متعلق حکام اور ذمہ داران انتظامات کی بہتری اور زائرین کو مزید سہولیات فراہم کرنے کی نئی تجاویز پر غور کریں اور سفارشات پیش کریں۔