سعودی وزیر برائے حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے جدہ میں حج کانفرنس کے چوتھے ایڈیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ سال 2024 کے دوران سعودی عرب میں باہر سے آکر 18.5 ملین سے زائد افراد نے عمرہ اور حج ادا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان کی رہنمائی اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی حمایت سے مملکت نے ضیوف الرحمٰن کی اتنی بڑی تعداد کو خدمات فراہم کیں۔
واضح رہے کہ سال 2024 میں پاکستان سے 64۔1 ملین زائرین کو عمرہ ویزے جاری کیے گئے۔
ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے مزید یہ بھی کہا کہ ہم نے مسجد نبوی میں ریاض الجنۃ کا دورہ کرنے کے تجربے کو فروغ دینے کے لیے کچھ نیا کام کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہم نے اہل افراد کو الیکٹرانک بکنگ کے طریقہ کار میں سہولت فراہم کی۔
ایک جدید پیشہ وارانہ رجسٹریشن سسٹم کو متعارف کروایا گیا ہے جو سروس کے معیار کو یقینی بناتا ہے۔ اس جدید طریقہ کار کے تحت مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم اور ریاض الجنۃ میں آنے والوں کی تعداد 2022 میں 4 ملین تھی جو کہ بڑھ کر 2024 میں 13 ملین سے زیادہ ہوگئی تھی۔
امید ہے زائرین 2025 میں اس نظام اور سسٹم کو مزید بہتر پائیں گے۔
سعودی وزیر حج و عمرہ نے "نسک” ایپلی کیشن کے نئے ورژن کا آغاز بھی کیا۔ یہ ایپ اب سے 100 اضافی خدمات کے ساتھ ایک مربوط تجربہ فراہم کرے گی۔
ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے حجاج اور معتمرین کی خدمت کے لیے خادم الحرمین الشریفین اور سعودی ولی عہد کی تاکیدات اور تائیدات کا شکریہ بھی ادا کیا۔