سعودی خبر رساں ایجنسی کے مطابق سعودی عرب میں عمرہ کی غرض سے بہت زیادہ تعداد میں مسلمان پہنچ رہے، جن کی یومیہ تعداد لاکھوں تک پہنچ گئی ہے۔
ایک رپورٹ کے مطابق گذشتہ کل صرف چوبیس گھنٹوں میں پانچ لاکھ زائرین نے عمرہ کی سعادت حاصل کی، یہ حیران کن تعداد ہے جو ماضی کے تمام یومیہ اعداد و شمار سے زیادہ ہے۔
سعودی وزارت حج وعمرہ نے اس سلسلے میں خاطر خواہ انتظامات کر رکھے ہیں۔
خادم الحرمین الشریفین ملک سلمان بن عبد العزیز آل سعود اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے حکم پر ضیوف الرحمان کی خدمت اور سہولت کے لیے تمام اجتماعی جگہوں پر شاندار انتظامات کیے گئے ہیں۔
روزانہ لاکھوں کی تعداد میں زائرین کے لیے سحری اور افطاری کے انتظامات جبکہ ٹرانسپورٹ اور میڈیکل کے شعبوں میں مہینے بھر کے لیے ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔
پوری دنیا سے ضیوف الرحمان جوق در جوق حرمین شریفین کا رخ کر رہے ہیں۔ دوسرے اور تیسرے عشرے میں یہ تعداد زیادہ ہونے کے امکانات ہیں۔
مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ، دونوں شہروں اور ان کے درمیان زائرین کی نقل و حمل کے لیے اسپیشل بسوں، ٹرینوں اور سیکیورٹی کا خصوصی انتظام کیا گیا ہے۔
سعودی وزارت حج وعمرہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ خادم الحرمین الشریفین اور ولی عہد کے احکامات کی روشنی میں اللہ کے مہمانوں کی ہر ممکن خدمت کرنا ہمارا اولین فریضہ ہے۔