سعودی عرب نے ایک بار پھر اپنے وژن 2030 کی عملی تصویر پیش کرتے ہوئے "روڈ ٹو مکہ” اقدام کا سلسلہ حج سیزن میں بھرپور انداز میں جاری رکھا ہے۔ یہ اقدام نہ صرف سعودی قیادت کے خدمتِ حرمین شریفین کے عزم کا عکاس ہے بلکہ دنیا بھر سے آنے والے عازمین حج کو خوش آمدید کہنے کے منفرد انداز کا بھی مظہر ہے۔ سات سال سے جاری یہ پروگرام اب 7 ممالک میں کامیابی سے نافذ کیا جا چکا ہے، جن میں پاکستان، انڈونیشیا، ملائیشیا، مراکش، بنگلہ دیش، ترکیہ اور کوٹ ڈی آئیوری شامل ہیں، جہاں کے 11 بین الاقوامی ہوائی اڈے اس سہولت سے مستفید ہو رہے ہیں۔
"روڈ ٹو مکہ” کا سب سے انوکھا پہلو یہ ہے کہ عازمین حج اپنے ملک میں ہی تمام رسمی کارروائیاں مکمل کر لیتے ہیں۔ بائیومیٹرک ویری فکیشن سے لے کر ای ویزہ کے اجرا، میڈیکل رپورٹس کی تصدیق، اور امیگریشن کلیئرنس تک کا عمل روانگی سے قبل ہی مکمل کر لیا جاتا ہے۔ نتیجہ؟ مکہ مکرمہ پہنچنے پر نہ کوئی قطار، نہ کوئی انتظار!۔یہ پروگرام صرف امیگریشن تک محدود نہیں بلکہ ہر قدم پر سہولت اس کا خاصہ ہے۔ عازمین کا سامان روانگی پر ہی کوڈ کیا جاتا ہے، اور خصوصی بسوں کے ذریعے براہِ راست ان کی رہائش گاہوں تک منتقل کیا جاتا ہے۔ اس دوران تمام پارٹنر ایجنسیاں نہایت منظم انداز میں اپنا کردار ادا کرتی ہیں تاکہ حجاج کرام کو کسی بھی قسم کی زحمت کا سامنا نہ ہو۔اس شاندار اقدام کے پیچھے سعودی وزارت داخلہ کے ساتھ وزارت خارجہ، وزارت صحت، وزارت حج و عمرہ، اطلاعات، جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن، زکوٰۃ، ٹیکس و کسٹمز اتھارٹی، سعودی ڈیٹا و آرٹیفیشل انٹیلیجنس اتھارٹی (SDAIA) سمیت دیگر اہم ادارے متحد ہیں۔ سب نے ایک صف میں کھڑے ہو کر حجاج کرام کی خدمت کو اپنا نصب العین بنا لیا ہے۔پاکستان کے منتخب ایئرپورٹس پر "روڈ ٹو مکہ” آپریشن ایک نعمت سے کم نہیں۔ جن حجاج نے اس سہولت سے استفادہ کیا، وہ اس کے نظم و ضبط، رفتار اور شفافیت سے بے حد متاثر ہیں۔ ایک پاکستانی حاجی نے رخصتی کے وقت کہا: "لگتا ہی نہیں کہ ہم کسی لمبے سفر پر جا رہے ہیں، ہر چیز پہلے سے تیار ہے، دل خوشی سے جھوم اٹھا۔”روڈ ٹو مکہ” صرف ایک سہولت نہیں، بلکہ ایک تصور ہے کہ ضیوف الرحمان کو وہ عزت، محبت اور آسانی دی جائے جس کے وہ مستحق ہیں۔ سعودی عرب کا یہ ویژن بلا شبہ قابلِ تحسین ہے کہ حج جیسے عظیم فریضے کو ایک سہل، بامقصد اور خوشگوار تجربہ بنایا جائے۔
اگر آپ بھی حج کا ارادہ رکھتے ہیں؟ تو جان لیجیے، روڈ ٹو مکہ آپ کا انتظار کر رہا ہےجہاں عبادت سے پہلے سکون ملتا ہے۔

Add A Comment