سعودی وزارت داخلہ نے حج کے دوران سکیورٹی انتظامات کو سبوتاژ کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔ مکہ مکرمہ کی داخلی چوکیوں پر سکیورٹی فورسز نے 17 افراد کو گرفتار کیا، جن میں 8 غیر ملکی اور 9 سعودی شہری شامل ہیں۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے ایسے 61 افراد کو مکہ منتقل کیا جو بغیر اجازت نامے کے حج کی نیت سے داخل ہونا چاہتے تھے۔
وزارت داخلہ کے مطابق، ملزمان کے خلاف فوری انتظامی فیصلے کیے گئے جن میں قید، گاڑیوں کی ضبطی اور بھاری جرمانے شامل ہیں۔ بعض افراد کو 1 لاکھ ریال تک جرمانہ کیا گیا، جب کہ غیر ملکیوں کو سزا مکمل ہونے کے بعد ملک بدر کر کے آئندہ 10 سال تک سعودی عرب میں داخلے سے روک دیا جائے گا۔
اسی طرح، ان افراد پر بھی کارروائی کی گئی جو بغیر اجازت حج کی کوشش کر رہے تھے، جن پر 20 ہزار ریال تک جرمانہ عائد ہوا۔
وزارت داخلہ نے خبردار کیا ہے کہ حج کے قوانین کی خلاف ورزی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ تمام شہریوں اور مقیمین سے کہا گیا ہے کہ وہ ضوابط کی مکمل پابندی کریں تاکہ حجاج کرام اپنے مناسک مکمل امن اور سکون سے ادا کر سکیں۔
یہ اقدام سعودی حکومت کی جانب سے حج کے دوران نظم و ضبط اور سلامتی کو یقینی بنانے کے عزم کا عملی ثبوت ہے۔