مکہ مکرمہ :سعودی عرب نے حج 1446 ہجری کے لیے ایک اور انقلابی قدم اٹھاتے ہوئے مسجد الحرام میں حجاج کرام کی دینی رہنمائی کے لیے مصنوعی ذہانت (AI) سے لیس جدید ترین "منارہ الحرمین” روبوٹ سروس کا دوسرا ایڈیشن متعارف کرا دیا ہے۔
ادارہ حرمین شریفین کے زیر انتظام کام کرنے والے دینی امور کے شعبے نے اس جدید ڈیجیٹل خدمت کو رواں حج سیزن میں عملی طور پر متحرک کر دیا ہے تاکہ لاکھوں عازمین حج کو فوری، درست اور سہل دینی رہنمائی فراہم کی جا سکے۔
اس منصوبے کی سربراہی کرنے والے شیخ عبدالرحمن السدیس نے بتایا کہ ادارے نے حج 1446ھ کے لیے اپنی تیاریاں مکمل کر لی ہیں، اور جدید ٹیکنالوجی کو دین کی خدمت کے لیے استعمال میں لانے کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے "منارہ الحرمین” کو مزید اپ ڈیٹ کر دیا گیا ہے۔
یہ منفرد روبوٹ جدید AI ٹیکنالوجی، انتہائی حساس کیمروں، چہرہ شناسائی سکینرز اور ملٹی لینگویج سسٹم سے لیس ہے۔ عازمین حج اس روبوٹ سے 11 سے زائد عالمی زبانوں میں اپنے مذہبی سوالات کے جوابات حاصل کر سکتے ہیں، جن میں اردو، عربی، انگریزی، فارسی، ترکی، ہندی، بنگالی اور دیگر زبانیں شامل ہیں۔
یہ روبوٹ مسجد الحرام میں مخصوص مقامات پر ریفرنس پوائنٹ کے طور پر موجود ہو گا جہاں زائرین اس سے براہِ راست بات چیت کے ذریعے شرعی مسائل پر رہنمائی حاصل کریں گے۔
یہ سروس صرف معلومات کی فراہمی تک محدود نہیں بلکہ اس کا مقصد حج جیسے عظیم فریضے کی ادائیگی میں آسانی پیدا کرنا، گمراہ کن معلومات سے بچانا، اور ایک جدید، متحرک اور خدمت گزار اسلامی سسٹم کو دنیا کے سامنے پیش کرنا ہے۔
شیخ السدیس نے مزید کہا کہ ادارہ حرمین شریفین دین و ٹیکنالوجی کا امتزاج پیش کر کے روحانی خدمات میں ایک نئی جہت پیدا کر رہا ہے۔ "منارہ روبوٹ” نہ صرف سوالات کے جوابات دیتا ہے بلکہ دینی تعلیم، فتاویٰ، اور رہنمائی کے ساتھ ساتھ زائرین کو عبادات کے طریقہ کار پر بھی رہنمائی فراہم کرتا ہے۔
یہ جدید ترین سسٹم نہ صرف عرب بلکہ غیر عرب مسلمانوں کے لیے بھی ایک نعمت ثابت ہو رہا ہے جو زبان کی رکاوٹ کے سبب دینی مسائل کے حل میں مشکلات محسوس کرتے تھے۔
"منارہ الحرمین” روبوٹ کا دوسرا ایڈیشن یقیناً حج سیزن میں ٹیکنالوجی اور ایمان کا حسین امتزاج ثابت ہوگا، جو مستقبل کے لیے ایک رول ماڈل کی حیثیت رکھتا ہے۔