مکہ مکرمہ، : سعودی جنرل پاسپورٹس کے مطابق رواں حج سیزن 1446 ہجری میں اب 890,883 حجاج کرام مملکت سعودی عرب پہنچ چکے ہیں۔ یہ مہمانانِ خدا ہوائی، زمینی اور بحری راستوں کے ذریعے سعودی عرب میں داخل ہوئے، جن کے استقبال کے لیے مملکت بھر میں اعلیٰ سطح کے سہولتی انتظامات کیے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق 846,415 حجاج ہوائی راستے سے، 41,646 زمینی راستے سے، جبکہ 2,822 حجاج بحری راستے سے مملکت میں داخل ہوئے ہیں۔ یہ اعداد و شمار جمعہ، 25 ذوالقعدہ تک کے ہیں۔
دفترِ جنرل پاسپورٹس نے بیان میں کہا ہے کہ ضیوف الرحمن کی سہولت کے لیے تمام داخلی راستوں پر جدید ترین ٹیکنالوجی سے لیس سسٹمز نصب کیے گئے ہیں، اور وہاں پر تربیت یافتہ عملہ تعینات ہے جو کئی زبانوں پر عبور رکھتا ہے۔ ان اقدامات کا مقصد حجاج کے سفر، آمد و رفت، اور مناسکِ حج کی ادائی کو آسان، آرام دہ اور مؤثر بنانا ہے۔
حکام کے مطابق، سعودی عرب حجاج کرام کو ہر ممکن سہولت دینے کے عزم پر قائم ہے تاکہ وہ روحانیت سے بھرپور اس مقدس سفر کو بلا کسی رکاوٹ کے مکمل کر سکیں۔