سعودی حکومت نے حج سیزن 1446 ہجری کے آغاز کے ساتھ ہی مکہ مکرمہ میں سکیورٹی، نظم و ضبط اور عازمینِ حج کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ایک نہایت مربوط اور تکنیکی بنیادوں پر قائم کردہ حفاظتی منصوبہ نافذ کر دیا ہے۔
اس منصوبے کے تحت سعودی حج سکیورٹی فورسز اور دیگر متعلقہ ادارے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے اُن افراد کی کڑی نگرانی کر رہے ہیں جو غیر قانونی طریقوں سے مکہ مکرمہ میں داخل ہونے کی کوشش کرتے ہیں۔
اس حفاظتی نظام میں خصوصی طور پر فضائی نگرانی کے جدید ذرائع کو شامل کیا گیا ہے۔ سکیورٹی ٹیمیں مکہ مکرمہ کے گرد و نواح میں جدید ڈرونز کے ذریعے ہمہ وقت فضائی نگرانی کر رہی ہیں۔
یہ ڈرونز جدید اور انتہائی حساس نائٹ ویژن کیمروں سے لیس ہیں جو دن اور رات کے کسی بھی پہر میں مشکوک نقل و حرکت کو فوری طور پر ریکارڈ اور نشاندہی کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
ان ڈرونز کے ذریعے حاصل کی گئی وڈیوز براہ راست نگران کنٹرول سینٹر کو بھیجی جاتی ہیں جہاں ان کا تجزیہ کیا جاتا ہے۔ جیسے ہی کسی مشکوک شخص یا گروہ کی نشاندہی ہوتی ہے، کنٹرول سینٹر فوری طور پر اس اطلاع کو متعلقہ گراؤنڈ کنٹرول ٹاور کے ذریعے قریبی پولیس یونٹ تک پہنچاتا ہے، جو چند لمحوں میں جائے وقوعہ پر پہنچ کر فوری کارروائی کرتی ہے۔
اس پورے عمل کو مکمل خودکار اور برق رفتاری سے مربوط بنایا گیا ہے تاکہ کسی بھی غیرقانونی داخلے کی کوشش کو بروقت روکا جا سکے۔
سعودی وزارت داخلہ نے مکہ مکرمہ کے مقدس شہر میں داخلے کے لیے باقاعدہ پرمٹ کو لازمی قرار دیا ہے، جو اس سال کے حج کے آغاز کے ساتھ ہی نافذ العمل ہو چکا ہے۔
یہ پرمٹ صرف اُن افراد کو جاری کیا جا رہا ہے جو سعودی حکومت کی مقرر کردہ شرائط پر پورا اترتے ہوں اور جن کی حج رجسٹریشن باقاعدہ طریقے سے مکمل ہوئی ہو۔
اس اقدام کا مقصد نہ صرف عازمینِ حج کی سکیورٹی کو مضبوط بنانا ہے بلکہ مکہ مکرمہ میں غیر ضروری ازدحام کو کنٹرول کرنا بھی ہے تاکہ وہاں موجود لاکھوں مہمانانِ خدا کو مناسکِ حج ادا کرنے میں کسی بھی قسم کی دقت یا رکاوٹ کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
سعودی حکام کے مطابق، اس سسٹم کے نفاذ سے توقع کی جا رہی ہے کہ رواں حج سیزن کے دوران مکہ مکرمہ میں داخل ہونے والے تمام افراد کی مکمل جانچ پڑتال ممکن ہو سکے گی اور کسی بھی غیرقانونی سرگرمی کو بروقت ناکام بنایا جا سکے گا۔
جدید ٹیکنالوجی کا یہ استعمال سعودی وژن 2030 کی اس حکمتِ عملی کا حصہ ہے جس کے تحت مکہ اور مدینہ میں زائرین کو اعلیٰ سطح کی سہولیات، تحفظ اور سکون فراہم کیا جا رہا ہے۔