حج 2026 کی عازمین کی لازمی رجسٹریشن کا باضابطہ آغاز آج 27 جون 2025 کو، وزارت مذہبی امور کے اعلان کے ساتھ ہوگیا ہے۔اس رجسٹریشن کے لیے کوئی فیس نہیں ہے، حج کے لیے قبل از وقت یہ رجسٹریشن کرانا لازمی ہے۔
وزارت مذہبی امور کی ہدایات کے مطابق سرکاری اور نجی اسکیموں دونوں کے لیے عازمین حج کی رجسٹریشن لازمی ہے،بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کیلئے بھی رجسٹریشن کرانا لازمی ہے، جو امیدوار ابھی رجسٹریشن نہیں کروائیں گے وہ حج 2026 کے لیے اہل تصور نہیں ہوں گے۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق حج رجسٹریشن ملک بھر میں منظور شدہ بینکوں سے کرائی جا سکتی ہے،حج رجسٹریشن کے بعد عازمین سرکاری یا نجی حج اسکیم منتخب کر سکیں گے،رواں برس پرائیویٹ ا سکیم سے رہ جانے والے عازمین کیلئے بھی رجسٹریشن لازمی ہو گی۔
حج رجسٹریشن سعودی عرب کی ہدایت پر کی جا رہی ہے،حج رجسٹریشن کے اعداد و شمار سے سعودی حکومت کو آگاہ کیا جائے گا، اسی رجسٹریشن کی بنیاد پر سعودی حکومت حج کوٹہ مقرر کرے گی۔
وہ پاکستانی جو حج 2026 کا ارادہ رکھتے ہیں وہ فوری طور پر حج رجسٹریشن کروائیں تاکہ یہ پراسس مکمل کرکے پاکستانی حکومت،سعودی حکومت کو حتمی اعداد و شمار بھیج کر کوٹے کی منظوری حاصل کر سکے۔
واضح رہے کہ سعودی حکومت حجاج کرام کی حفاظت اور انتظامات کو مربوط بنانے کے لیے حجاج کرام کی رجسٹریشن کو قبل از وقت مکمل کرنا چاہتی ہے تاکہ ماضی کے سالوں جیسی ہنگامی صورتحال پیدا نہ ہو۔
امسال 2025 میں لگ بھگ 17 لاکھ حجاج کرام شریک ہوئے تھے، جنھیں شاندار خدمات فراہم کی گئی تھیں اور کوئی بڑا حادثہ، ناخوشگوار واقعہ یا ہنگامی صورتحال پیدا نہیں ہوئی تھی۔ یہی وجہ ہے کہ سعودی حکومت اسی پلان کے تحت اگلے سالوں کے انتظامات مکمل کرنا چاہتی ہے۔