سعودی عرب کے وژن 2030 کے تحت حج و عمرہ کے عازمین کے لیے شروع کیا جانے والا اہم ’پیلگریم ایکسپیرینس پروگرام‘ نے اپنی 2024 کی سالانہ رپورٹ جاری کی ہے، جس میں مملکت میں عازمین حج اور عمرہ زائرین کی تعداد میں زبردست اضافہ اور زائرین کے لیے فراہم کی جانے والی خدمات میں معیار کی بلند ی کو اجاگر کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق، 2022 کے مقابلے میں سعودی عرب میں حج اور عمرہ کے زائرین کی تعداد میں 101 فیصد کا شاندار اضافہ دیکھنے کو ملا ہے، جس نے سعودی حکومتی اداروں کی کامیابیوں کو عالمی سطح پر نمایاں کیا۔
رپورٹ کے مطابق، 2024 میں سعودی عرب میں 18.5 ملین (1 کروڑ 85 لاکھ) سے زائد عازمین حج اور عمرہ زائرین نے مملکت کا رخ کیا، جس میں 17 ملین سے زائد عمرہ زائرین شامل ہیں، جبکہ 1.6 ملین عازمین حج تھے۔ یہ اعداد و شمار نہ صرف سعودی عرب کی مذہبی اہمیت کو ظاہر کرتے ہیں بلکہ اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ سعودی حکام نے حج اور عمرہ کے دوران زائرین کی خدمت میں اضافے کے لیے اہم اقدامات کیے ہیں۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ 2024 میں 40 سے زائد سرکاری اداروں نے 89 اہم اقدامات پر عملدرآمد کیا اور اس کی تعمیل کی شرح 95 فیصد تک پہنچ گئی۔ ان اقدامات میں زائرین کے سفر کے تمام مراحل شامل ہیں، جن میں ٹرانسپورٹیشن، مناسک کی ادائیگی، اور تاریخی و مذہبی مقامات کی زیارت شامل ہیں۔ سعودی حکومتی اداروں نے اپنے وسائل اور سروسز کو انتہائی موثر طریقے سے استعمال کیا، جس سے حج اور عمرہ کے زائرین کی سہولت میں مزید اضافہ ہوا۔
سعودی وزیر حج و عمرہ، ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے اس کامیاب رپورٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ سعودی قیادت نے وژن 2030 کے تحت حج اور عمرہ زائرین کی خدمت کو اہم ترین ترجیح دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ "ہمارا مقصد سعودی عرب میں آنے والے ہر زائر کے لیے بہترین تجربہ فراہم کرنا ہے، تاکہ وہ اپنے مذہبی فرائض خوش اسلوبی سے ادا کر سکیں اور اپنے روحانی سفر سے مکمل اطمینان حاصل کر سکیں۔”
2024 میں روضہ شریفہ میں 13 ملین سے زیادہ زائرین کا خیرمقدم کیا گیا، جو 2022 کے مقابلے میں 4 ملین سے زیادہ ہیں۔ سعودی حکام نے اس بات کو یقینی بنایا کہ ہر زائر کو مکمل سہولت فراہم کی جائے تاکہ وہ اپنے روحانی سفر سے بھرپور استفادہ کر سکیں۔
رپورٹ میں ایک اور شاندار پہلو یہ سامنے آیا ہے کہ 2024 میں زائرین کی اطمینان کی شرح 57 فیصد سے بڑھ کر 81 فیصد تک پہنچ گئی ہے، جو سعودی عرب میں فراہم کی جانے والی خدمات کے معیار کی ایک اہم علامت ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ زائرین نے اپنے تجربے کو زیادہ بہتر اور اطمینان بخش پایا ہے، جس کا کریڈٹ سعودی حکومتی اداروں کو دیا جا رہا ہے۔