اسلام آباد :آئندہ سال حج کی سعادت حاصل کرنے کے خواہشمند پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے وقت سے پہلے رجسٹریشن کا مرحلہ مکمل کر لیا ہے۔ وزارتِ مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق اب تک دو لاکھ سے زائد پاکستانی شہری حج 2026 کے لیے رجسٹریشن کرا چکے ہیں، جب کہ رجسٹریشن کا آخری دن آج ہے۔
وزارت نے واضح کیا ہے کہ حج 2026 کے لیے رجسٹریشن مکمل کرنا لازمی ہے اور یہ عمل مکمل طور پر بلامعاوضہ ہے۔ خواہشمند عازمین بغیر کسی فیس کے آن لائن یا قریبی نامزد مراکز سے گھر بیٹھے رجسٹریشن کرا سکتے ہیں۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ حج رجسٹریشن کا یہ نیا سسٹم سعودی حکومت کی ہدایت پر اپنایا گیا ہے، تاکہ پاکستان کی طرف سے جانے والے حجاج کرام کا درست ڈیٹا ابتدائی مرحلے میں سعودی حکام کو فراہم کیا جا سکے۔ اسی ڈیٹا کی بنیاد پر حج کوٹہ بھی مختص کیا جائے گا۔
ترجمان کے مطابق صرف وہی افراد حج 2026 کے اہل قرار پائیں گے جنہوں نے مقررہ وقت میں اپنی رجسٹریشن مکمل کر لی ہو گی۔ رجسٹریشن کے بعد ہی سرکاری یا نجی اسکیم کے انتخاب کی سہولت میسر آئے گی۔ حج اخراجات اور دیگر ضوابط کا اعلان آئندہ حج پالیسی میں کیا جائے گا۔
یہ اقدام حکومتِ پاکستان اور سعودی حکام کے درمیان بڑھتے ہوئے تعاون کی علامت بھی ہے، جو کہ حج انتظامات کو شفاف اور سہل بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔