ریاض :سعودی وزارتِ حج و عمرہ نے سات عمرہ کمپنیوں کےخلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے انہیں معطل کر دیا ہے اور ان کے خلاف قانونی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ ان کمپنیوں پر الزام ہے کہ انہوں نے عازمینِ عمرہ کو غیر لائسنس یافتہ رہائش گاہوں میں ٹھہرایا،جو کہ نہ صرف مروجہ قواعد کی کھلی خلاف ورزی ہے بلکہ زائرین کی حفاظت، آرام اور وقار کو بھی خطرے میں ڈالتی ہے۔
وزارت نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ یہ خلاف ورزیاں اس وقت منظر عام پر آئیں جب عازمین کو فراہم کی جانے والی سہولیات کی نگرانی کے لیے جامع جانچ پڑتال کی جا رہی تھی۔ معطل شدہ کمپنیوں پر جلد ہی مقررہ جرمانے بھی عائد کیے جائیں گے۔
وزارت نے زور دیا کہ زائرین کی خدمت ایک مقدس فریضہ ہے، اور کسی بھی کمپنی یا ادارے کو ان کے حقوق غصب کرنے یا معاہدہ خلاف ورزی کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
مزید برآں، وزارتِ حج و عمرہ نے تمام عمرہ کمپنیوں پر زور دیا کہ وہ سرکاری طور پر منظور شدہ ضوابط، رہائش گاہوں، اور خدمات کے طے شدہ معیار کی مکمل پابندی کریں اور متفقہ خدمات کو طے شدہ وقت میں مہیا کریں۔
وزارت نے خبردار کیا کہ جو بھی فریق حجاج کی خدمت میں کوتاہی برتے گا، اس کے خلاف فوری اور سخت کارروائی کی جائے گی تاکہ عمرہ زائرین کو مکمل تحفظ، سہولت اور اطمینان کے ساتھ عبادات کا ماحول مہیا کیا جا سکے۔