ریاض: سعودی عرب میں عمرہ سیزن کے آغاز کے بعد سے اب تک 12 لاکھ سے زائد زائرین دنیا بھر کے 109 ممالک سے مملکت پہنچ چکے ہیں، جو مذہبی سیاحت میں بین الاقوامی دلچسپی اور سعودی حکومت کی اعلیٰ انتظامی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
سعودی وزارتِ حج و عمرہ کے مطابق، اس سال کے عمرہ سیزن میں گزشتہ برس کے مقابلے میں 30 فیصد زیادہ عمرہ زائرین سعودی عرب داخل ہو چکے ہیں، جبکہ عمرہ ویزوں کے اجرا میں بھی 27 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
یہ اعداد و شمار نہ صرف مملکت کے ویژن 2030 کی مذہبی سیاحت کی توسیع کی کوششوں کو ظاہر کرتے ہیں بلکہ اس بات کی بھی عکاسی کرتے ہیں کہ سعودی عرب اب ڈیجیٹل انقلاب کے ذریعے دنیا بھر کے زائرین کو تیزی، آسانی اور سہولت کے ساتھ خدمات فراہم کر رہا ہے۔
عمرہ کے ویزا کا عمل ڈیجیٹل پلیٹ فارم "نسک” کے ذریعے کیا جا رہا ہے، جو نہ صرف موبائل ایپ کے ذریعے زائرین کو براہ راست عمرہ پرمٹ حاصل کرنے کی سہولت دیتا ہے بلکہ انہیں ہموار بکنگ، رہائش، ٹرانسپورٹ اور رہنمائی جیسی خدمات ایک ہی جگہ فراہم کرتا ہے۔
یہ پلیٹ فارم ویژن 2030 کے تحت ڈیجیٹل سعودی عرب کے خواب کو عملی شکل دینے کا ایک اہم ستون بن چکا ہے۔
وزارتِ حج و عمرہ نے بتایا ہے کہ اس سیزن میں عمرہ سروس فراہم کرنے والے سعودی اداروں اور بین الاقوامی ایجنسیوں کے درمیان 4,200 سے زائد شراکت داری معاہدوں پر عمل درآمد کیا گیا ہے، جس سے سعودی عرب کی عازمین کی بڑی تعداد کو منظم طریقے سے خوش آمدید کہنے کی صلاحیت میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے۔
109 ممالک سے آئے ہوئے زائرین نہ صرف مکہ مکرمہ و مدینہ منورہ کے روحانی ماحول سے لطف اندوز ہو رہے ہیں بلکہ سعودی انتظامات، رہنمائی اور میزبانی کے اعلیٰ معیار کو بھی سراہ رہے ہیں۔
ڈیجیٹل سہولیات، آسان ویزا عمل اور فوری پرمٹ اجرا نے زائرین کو ایک روایتی عبادت کے ساتھ جدید سفری تجربہ فراہم کیا ہے۔