مکہ مکرمہ: مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے امور کی جنرل اتھارٹی نے مسجد الحرام آنے والے عمرہ زائرین اور نمازیوں پر زور دیا ہے کہ وہ بارش کے دوران سیفٹی گائیڈ لائنز پر مکمل عمل کریں تاکہ عبادت کے دوران ہر ممکن حد تک حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق، جاری کردہ ہدایات میں کہا گیا ہے کہ زائرین کو محفوظ ایریاز میں رہنا چاہیے، چھتری کا استعمال کرنا چاہیے، موسمیاتی الرٹس کو مانیٹر کرنا چاہیے اور حکام کی ہدایات پر مکمل طور پر عمل کرنا چاہیے۔ مزید کہا گیا ہے کہ آسمانی بجلی گرنے کے دوران موبائل فون کا استعمال بند کرنا انتہائی ضروری ہے۔
جنرل اتھارٹی نے زائرین کے لیے ہیلپ لائن 1966 فراہم کی ہے، جہاں کسی بھی رپورٹ یا استفسار کی صورت میں فوری رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ حرمین شریفین انتظامیہ کے مطابق، بارش کے دوران متعدد سرکاری اداروں کے تعاون سے ہنگامی سکیمیں فعال کی جاتی ہیں تاکہ زائرین کی سلامتی کو ہر حالت میں یقینی بنایا جا سکے۔
جنرل اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ سیفٹی گائیڈ لائنز کا مقصد بھی یہی ہے کہ عبادت کے دوران زائرین کے لیے محفوظ ماحول فراہم کیا جائے، اور کسی بھی غیر متوقع حادثے سے بچاؤ ممکن ہو۔
ماہرین کے مطابق، یہ ہدایات نہ صرف زائرین کی حفاظت کرتی ہیں بلکہ عبادت کے دوران سکون اور آرام دہ تجربہ بھی یقینی بناتی ہیں۔ سعودی انتظامیہ کا یہ اقدام عالمی سطح پر زائرین کے لیے محفوظ مذہبی ماحول کی اہم مثال کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔