سعودی عرب کی وزارتِ حج و عمرہ نے زائرین اور عازمین حج و عمرہ کے لیے ایک بڑی سہولت متعارف کرواتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اب "نسک” ایپ کا استعمال مملکت میں بغیر موبائل ڈیٹا یا انٹرنیٹ کنکشن کے بھی ممکن ہو گیا ہے۔ اس انقلابی اقدام کا مقصد حجاج و معتمرین کے لیے روحانی سفر کو سہل تر بنانا، انہیں درپیش تکنیکی رکاوٹوں کو کم کرنا، اور حج و عمرہ کے انتظامات کو ڈیجیٹل خطوط پر مزید بہتر بنانا ہے۔
یہ سہولت سعودی عرب کے بڑے موبائل نیٹ ورک آپریٹرز، یعنی ایس ٹی سی، موبایلی اور زین، کے اشتراک سے فراہم کی گئی ہے۔ ان کمپنیوں کے تعاون سے اب جو بھی فرد سعودی عرب میں موجود ہے، خواہ وہ شہری ہو، مقیم ہو یا زائر، وہ اپنے موبائل میں موجود سعودی سم کے ذریعے نسک ایپ کی مکمل خدمات حاصل کر سکتا ہے — چاہے اس کے پاس کوئی فعال ڈیٹا پیکج ہو یا نہ ہو۔
ترجمانِ وزارتِ حج و عمرہ کے مطابق، اب موبائل ڈیٹا کے بغیر بھی زائرین نسک ایپ سے وہ تمام خدمات حاصل کر سکتے ہیں جو اس سے پہلے صرف انٹرنیٹ کی دستیابی پر منحصر تھیں۔ ان خدمات میں روضہ شریفہ (مسجد نبویؐ) کی زیارت کے لیے پرمٹ حاصل کرنا، مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے درمیان حرمین ایکسپریس ٹرین کی بکنگ، نسک میپ کے ذریعے حرمین یا دیگر اہم مقامات کی رہنمائی، نسک اے آئی اسسٹنٹ سے فوری معلومات حاصل کرنا، سوالات کا اندراج یا رپورٹ جمع کروانا شامل ہیں۔
نسک ایپ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر، انجینیئر احمد المیمان نے اس اقدام کو زائرین کے لیے ایک انقلابی قدم قرار دیا ہے۔ ان کے مطابق، یہ اقدام نہ صرف حجاج و معتمرین کے لیے سہولت کا باعث بنے گا بلکہ مجموعی طور پر مملکت میں حج و عمرہ کے ڈیجیٹل تجربے کو ایک نئی جہت دے گا۔ انہوں نے کہا کہ اب زائرین صرف چند کلکس کے ذریعے حرمین کے انتظامی معاملات اور خدمات تک رسائی حاصل کر سکیں گے، جو ان کے سفر کو زیادہ مؤثر، پرسکون اور بامقصد بنائے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اس ٹیکنالوجی کے استعمال سے ہجوم کے مؤثر انتظام، گمشدہ زائرین کی تلاش، اور پرمٹ ویریفیکیشن کے مراحل میں نمایاں تیزی آئے گی، جس سے مجموعی نظم و ضبط میں بھی بہتری متوقع ہے۔
نسک ایپ اب دنیا کے 100 سے زائد ممالک میں دستیاب ہے، اور اس کی خدمات کو 10 مختلف زبانوں میں استعمال کیا جا سکتا ہے، جس سے یہ ایپ نہ صرف سعودی عرب بلکہ عالمی سطح پر ایک قابلِ بھروسہ ڈیجیٹل پلیٹ فارم بن چکی ہے۔
ایپ میں وقتاً فوقتاً نئی اور مفید خصوصیات بھی شامل کی جا رہی ہیں، جن میں ‘نسک تسبیح’، ‘حصن المسلم’ (یعنی مستند دعاؤں کا مجموعہ)، مخصوص اوقات میں پڑھی جانے والی دعائیں و اذکار، حرمین شریفین سے براہِ راست تلاوتِ قرآن، تاریخی اور دینی اہمیت کے حامل مقامات کی معلوماتی تفصیل، مختلف اہم مقامات کے تفصیلی نقشے، شعور بیدار کرنے والے کارڈز اور وزارت کی جانب سے جاری کیے گئے خصوصی پروموشنل پروگرامز کی تفصیلات شامل ہیں۔
یہ تمام فیچرز اس بات کی غمازی کرتے ہیں کہ سعودی عرب نے زائرین کی خدمت کو محض روایتی ڈھانچے تک محدود نہیں رکھا بلکہ اسے ٹیکنالوجی کے جدید ترین تقاضوں سے ہم آہنگ کرتے ہوئے، ریاستی سطح پر ایک جامع ڈیجیٹل سسٹم میں ڈھال دیا ہے۔ یہ ایپ اس وقت مملکت کے 25 سے زائد سرکاری اداروں کے ساتھ منسلک ہے، جن کے ذریعے یہ مختلف خدمات فراہم کر رہی ہے۔