ریاض: سعودی عرب نے عمرہ کے لیے داخلے کے ویزے کی میعاد تین ماہ سے کم کر کے ایک ماہ کر دی ہے۔ اس حکم نامے کا اطلاق آئیندہ کچھ دنوں سے گا۔ اس سال عمرہ سیزن کے دوران پچھلے سیزن کے مقابلے صرف پانچ ماہ کے اندر غیر ملکی زائرین کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ دیکھا گیا ہے۔
سعودی وزارت حج و عمرہ کا کہنا ہے کہ جون کے اوائل میں نئے عمرہ سیزن کے آغاز کے بعد سے غیر ملکی زائرین کو جاری کیے گئے عمرہ ویزوں کی تعداد چالیس لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔
وزارت نے اس سلسلے میں عمرہ ویزا کے ضوابط میں کچھ ترامیم کی ہیں۔ ترمیم شدہ ضوابط کے مطابق عمرہ ویزہ جاری ہونے کی تاریخ سے 30 دن بعد منسوخ کر دیا جائے گا۔ ذرائع نے بتایا کہ نئے ضابطے اگلے ہفتے سے نافذ العمل ہوں گے۔
سعودی عرب کی قومی کمیٹی برائے عمرہ اور وزٹ کے مشیر احمد باجیفر نے کہا ہے کہ یہ فیصلہ عمرہ زائرین میں متوقع اضافے کے لیے وزارت کی تیاریوں کا حصہ ہے۔ خاص طور پر موسم گرما کے اختتام اور مکہ اور مدینہ میں درجہ حرارت میں کمی کے بعد، اس کا مقصد دونوں مقدس شہروں میں زیادہ رش کو روکنا ہے۔
سعودی وزارت حج و عمرہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ایسے اقدامات تب اُٹھائے جاتے ہیں جب ان کے علاوہ کوئی چارہ نہ بچتا ہو اور ان کا مقصد زائرین کی سہولت اور ان کے جان و مال کا تحفظ ہوتا ہے۔
