حرمین شریفین انتظامیہ نے مسجد نبوی میں چھوٹے بچوں کی تعلیم و تربیت اور تفریح کے لیے ایک پلے ایریا بنایا ہے۔ جہاں والدین اپنے بچوں کو ماہر عملے کے سپرد کرکے مسجد نبوی میں اپنے ایمانی اوقات اور اپنی عبادات سے محظوظ ہو سکتے ہیں۔
چھوٹے بچوں کے اس تفریحی سینٹر یا پلے ایریے کے اوقات شام 5 بجے سے رات 11 بجے تک مقرر کیے گئے ہیں۔ اس دوران لوگ اپنے بچوں کو وہاں موجود کڈز اسپیشلسٹس کے پاس چھوڑ سکتے ہیں۔
مسجد نبوی میں قائم کیے گئے بچوں کے اس تفریحی سینٹر کا مقصد چھوٹے بچوں کی ان کے فہم کے مطابق تعلیم و تربیت کرنا ہے اور والدین کو عبادت کے لیے فری ماحول فراہم کرنا ہے۔
اس پلے ایریے میں چھوٹے بچوں کو مخصوص آلات اور کھیلوں کے سامان کے ذریعے اسلامی تاریخ اور دینی معلومات فیڈ کی جائیں گی، بچے یہاں نہ صرف کھیلیں گے بلکہ دین بھی سیکھیں گے۔
حرمین شریفین انتظامیہ نے اس پلے ایریے یا تفریحی سینٹر کے ذمہ داران کو بچوں کی حفاظت اور ان کی تعلیم و تربیت کے لیے انتہائی ماہر عملے کی تعیناتی کی تاکید کی ہے۔
عملے کا ماہر ہونے کے علاوہ اسلامی علوم و فنون کا حامل ہونا بھی ضروری قرار دیا گیا ہے۔ انتظامیہ کا خیال ہے کہ آنے والے دنوں میں اس پروگرام کو مملکت کے باقی شہروں کی مساجد میں بھی نافذ کیا جا سکتا ہے۔