امام و خطیب مسجد الحرام اور حرمین شریفین پریزیڈینسی کے سربراہ، فضیلۃ الشیخ ڈاکٹر عبد الرحمن السدیس نے کہا ہے کہ اللہ تعالی نے مملکت سعودی عرب کو دین کی عزت سے نوازا ہے اور مملکت کے باسیوں نے اس عزت کو اپنے سینوں سے لگایا ہوا ہے، وہ گزشتہ روز ریاض میٹرو میں سفر کر رہے تھے۔
انھوں نے دوران سفر ریاض شہر کو دنیا کا ابھرتا ہوا ثقافتی اور معاشی مرکز قرار دیا، انھوں نے کہا کہ یہاں دنیا بھر سے لوگ آ رہے ہیں اور یہاں کے لوگوں کے اخلاق سے متاثر ہو کر اسلام قبول کر رہے ہیں۔
انھوں نے ریاض میٹرو کی تعریف کرتے ہوئے اسے خادم الحرمین الشریفین اور ولی عہد کا اہل ریاض اور غیر ملکی زائرین کے لیے ایک عظیم تحفہ قرار دیا۔
انھوں نے کہا، وہ ریاض میں پلے بڑھے ہیں، اور 50 سال سے ریاض شہر میں سفر کر رہے ہیں، ریاض میٹرو ٹرین، بلا شبہ سعودی قیادت کی طرف سے سفری سہولیات کی فراہمی میں ایک انقلابی قدم ہے۔
انھوں نے ریاض شہر کے متعلق اپنی خوبصورت یادوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ یہاں مختلف جامعات اور مدارس میں برس ہا برس پڑھتے اور پڑھاتے رہے ہیں۔
انھوں نے کہا، ریاض خوبصورت یادوں کا وطن ہے، اس شہر کو بھولنا ممکن نہیں ہے، مجھے یہاں آکر ہمیشہ ایک نئی مسرت ہوتی ہے اور میرے بچپن کی یادیں تازہ ہوتی ہیں۔
شیخ السدیس نے کہا کہ ہم نے یہاں اپنے عظیم بادشاہوں کے اخلاق اور تعامل کو دیکھا ہے، یہ حکمران ہماری آج کی دنیا کے سب سے عظیم حکمران ہیں۔
انھوں نے کہا کہ اللہ تعالی نے سعودی عرب کو جس عظیم دولت یعنی دین اسلام سے نوازا ہے، سعودی حکمرانوں اور عوام نے اسے اپنے سینوں سے لگایا ہے۔
سفر کے اختتام پر، انھوں نے ریاض میٹرو کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس خوبصورت اہتمام پر میں آپ سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں اور اللہ تعالی سے آپ سب کے لیے دعا گو ہوں۔