مسجد نبوی میں دینی امور کے ادارے نے رمضان المبارک کے دوران زائرین کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لیے اپنی تمام تیاریوں کو مکمل کر لیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق رمضان کے آپریشنل پلان کے تحت کئی اہم اقدامات کیے گئے ہیں۔
اس منصوبے کے تحت تحفیظِ قرآن کریم کے لیے 220 حلقے قائم کیے گئے ہیں، جہاں زائرین کو قرآن مجید کی تلاوت اور حفظ کرنے میں مدد فراہم کی جائے گی۔
مزید برآں، تلاوت کی درستگی کے لیے خصوصی کلاسیں منعقد کی جائیں گی، جن کی مجموعی مدت 20 ہزار گھنٹے ہوگی۔
رمضان کے دوران زائرین کی دینی رہنمائی کے لیے 30 علما اور مفتیان کرام کو مسجد نبوی کے اندرونی اور بیرونی صحنوں میں تعینات کیا جائے گا، جو شرعی مسائل کے حل میں معاونت کریں گے۔
اسی طرح، مختلف زبانوں میں دروس کا خصوصی اہتمام کیا جائے گا تاکہ دنیا بھر سے آنے والے زائرین استفادہ کر سکیں۔
اس سے قبل، دینی امور کے سربراہ شیخ عبدالرحمٰن السدیس نے رمضان آپریشنل پلان کا اعلان کیا تھا۔
جس کا بنیادی مقصد حرمین شریفین کے پیغام کو عالمی سطح پر پھیلانا اور زائرین کی خدمت کو اولین ترجیح دینا ہے۔
اس سلسلے میں کئی اقدامات کی منظوری دی گئی، جن پر رمضان المبارک کے دوران عملدرآمد کیا جائے گا۔
مزید برآں، زائرین کے لیے رمضان کی روحانی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے 120 سے زائد پروگرام ترتیب دیے گئے ہیں، تاکہ انہیں مذہبی اور تعلیمی لحاظ سے بہتر تجربہ فراہم کیا جا سکے۔