شیخ عبداللہ بن صالح کامل، چیئرمین مکہ چیمبر آف کامرس اور اسلامک چیمبر آف کامرس، نے مکہ حلال فورم کے افتتاحی اجلاس میں کہا کہ حلال مارکیٹ مسلسل ترقی کر رہی ہے اور یہ کئی دیگر شعبوں کے فروغ کا باعث بن رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حرمین شریفین کا عظیم مقام ہماری امنگوں کو بے حد وسیع کر دیتا ہے، اور ہم مکہ کو مختلف صنعتوں اور خدمات میں حلال کے علم کے فروغ کا مرکز بنانا چاہتے ہیں۔
انہوں نے اس موقع پر انکشاف کیا کہ مکہ اور مدینہ کو عالمی معیار کے برانڈز بنانے کے منصوبے زیر غور ہیں، تاکہ ان مقدس شہروں کو معیار اور بہترین خدمات کی علامت بنایا جا سکے۔
شیخ کامل نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ باصلاحیت اور تخلیقی افراد کو مواقع فراہم کریں گے تاکہ وہ اپنے ہنر کا مظاہرہ کر سکیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد مختلف مصنوعات، خدمات اور اقدامات کو ایک ایسے بین الاقوامی پلیٹ فارم پر لانچ کرنا ہے۔
جس پر دنیا بھر کے لوگ اعتماد کریں، کیونکہ مکہ ہر مسلمان مرد و عورت کے دلوں کی منزل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب کا وژن 2030 ہمیں نئی امنگوں، تحریک اور آسانیوں کی راہ دکھا رہا ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اگر کوئی نیا مستقبل تشکیل دینے کے بارے میں سوچتا ہے، چاہے وہ کسی بھی میدان میں ہو، تو مکہ سے شروع ہونے والا حلال اس کے لیے سب سے بہترین ہوگا۔
شیخ کامل نے اس بات کی نشاندہی کی کہ مکہ حلال فورم ایک سالانہ اہم ایونٹ ہے اور اس کی ہر ایڈیشن کی منصوبہ بندی فورم کے ختم ہوتے ہی شروع کر دی جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگلی تقریب میں کامیاب شرکت کے لیے ابتدائی رابطہ کاری اور ورک ٹیم کے ساتھ مسلسل تعاون ضروری ہے۔
افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سعودی وزیر تجارت ڈاکٹر ماجد القصبی نے کہا کہ حلال سیکٹر دنیا کے تیزی سے ترقی کرنے والے شعبوں میں شامل ہے۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ 2024 میں حلال مصنوعات کی مارکیٹ، جس میں کھانے پینے کی اشیاء، کاسمیٹکس اور خدمات شامل ہیں، کا حجم تقریباً 7 ٹریلین ڈالر تک پہنچ گیا ہے۔
وزیر تجارت نے مزید کہا کہ عالمی حلال مارکیٹ 2030 تک 10 ٹریلین ڈالر تک پہنچنے کی توقع ہے، جس کی سالانہ ترقی کی شرح 5.5 فیصد ہے۔
انہوں نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ حلال صنعت صرف اسلامی ممالک تک محدود نہیں رہی بلکہ اب یہ پوری دنیا کی توجہ کا مرکز بن چکی ہے۔
یہ فورم اس بات کا مظہر ہے کہ مکہ نہ صرف ایک مقدس شہر ہے بلکہ عالمی سطح پر اقتصادی ترقی اور حلال انڈسٹری کی توسیع میں بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے۔