خادم حرمین شریفین گیسٹ پروگرام کے مہمانوں کے چوتھے وفد نے مدینہ منورہ میں واقع کنگ فہد قرآن پرنٹنگ کمپلیکس کا دورہ کیا، جہاں انہیں قرآن پاک کی اشاعت اور اس کے تحفظ سے متعلق جدید تکنیکوں کے بارے میں معلومات فراہم کی گئیں۔
یہ گروپ 250 افراد پر مشتمل تھا، جو جنوبی ایشیا، وسطی ایشیا اور آسٹریلیا کے 14 مختلف ممالک سے آئے تھے، جن میں پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش، سری لنکا، نیپال، مالدیپ، قازقستان، کرغزستان، تاجکستان، جارجیا، روس، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ شامل تھے۔
رمضان المبارک کے آغاز پر ہونے والے اس دورے کے دوران مہمانوں کو قرآن کی اشاعت کے مختلف مراحل، اس کے تراجم اور اسے محفوظ رکھنے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
انہیں بتایا گیا کہ کنگ فہد قرآن پرنٹنگ کمپلیکس سالانہ دو کروڑ سے زائد نسخے تیار کرتا ہے اور اب تک قرآن کا 76 زبانوں میں ترجمہ مکمل ہو چکا ہے۔
علاوہ ازیں، مہمانوں کو خصوصی موبائل ایپلیکیشنز کے بارے میں آگاہ کیا گیا، جو دنیا بھر کے مسلمانوں کو اپنے اسمارٹ فونز پر قرآن پڑھنے اور سننے کی سہولت فراہم کرتی ہیں۔
دورے کے اختتام پر کمپلیکس کے عہدیداروں نے مہمانوں کو قرآن پاک کے نسخے بطور ہدیہ پیش کیے۔
یاد رہے کہ اس پروگرام کے تحت 66 ممالک سے تعلق رکھنے والے ایک ہزار عمرہ زائرین کو چار گروپوں کی صورت میں سعودی عرب مدعو کیا گیا ہے۔