خادمِ حرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے ایک عظیم انسانی جذبے کا مظاہرہ کرتے ہوئے اعضا عطیہ کرنے والے 200 سعودی شہریوں کو شاہی تمغوں اور تعریفی اسناد سے نوازنے کی منظوری دے دی ہے۔ یہ فیصلہ ان افراد کی بے لوث خدمات اور انسانیت کے لیے ایثار کی پہچان کے طور پر سامنے آیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی (SPA) کے مطابق، یہ وہ شہری ہیں جنہوں نے زندگی کی قیمتی متاع اپنے جسم کے اعضاضرورت مند مریضوں کو عطیہ کر کے ہزاروں گھروں میں امید کے چراغ جلائے۔ شاہ سلمان کی جانب سے دیا جانے والا یہ اعزاز محض ایک تمغہ نہیں، بلکہ انسان دوستی کے مقدس جذبے کا اعتراف ہے۔
سعودی عرب میں وقتاً فوقتاً خون اور اعضا عطیہ مہمات ملک گیر سطح پر شروع کی جاتی ہیں۔ ان مہمات کا مقصد ایسے مریضوں کی زندگی بچانا ہے جو اعضا یا خون کے منتظر ہوتے ہیں۔ وزارتِ صحت کے مطابق، ہر سال ہزاروں شہری اور غیر ملکی مقیم افراد اس کارِ خیر میں حصہ لے کر انسانی ہمدردی کی شاندار مثال قائم کرتے ہیں۔
سعودی حکومت کے تحت ایک خصوصی پروگرام کے مطابق، ایسے تمام افراد خواہ وہ سعودی شہری ہوں یا مقیم غیر ملکی — جو 10 مرتبہ خون عطیہ کرتے ہیں یا اعضا عطیہ کرنے کا عہد کرتے ہیں، انہیں شاہی اعزاز اور شکریے کی سند دی جاتی ہے۔
یہ اقدام مملکت کے وژن 2030 کے انسانی پہلو کو اجاگر کرتا ہے، جو نہ صرف سائنسی ترقی بلکہ اخلاقی اور سماجی خدمت کے اصولوں پر بھی قائم ہے۔ شاہ سلمان کا یہ فیصلہ معاشرے کو یہ پیغام دیتا ہے کہ انسانی جان بچانے سے بڑھ کر کوئی خدمت نہیں۔
