مدینہ منورہ: ادارہ امور حرمین شریفین نے مسجد نبوی ﷺ میں روضہ رسول ﷺ کی زیارت اور ریاض الجنہ میں نوافل کی ادائیگی کے نئے اوقات متعارف کرائے ہیں، تاکہ مرد و خواتین زائرین کے لیے سہولت اور نظم و ضبط کو یقینی بنایا جا سکے۔ یہ اقدام زائرین کی آسانی، عبادت میں سہولت اور حرم شریف میں ازدحام کے مؤثر انتظام کے لیے اٹھایا گیا ہے۔
نئے اوقات کے مطابق، مرد حضرات کے لیے روضہ مبارک کی زیارت کا پہلا سیشن نصف شب کے بعد یعنی 2 بجے سے شروع ہوگا اور نماز فجر تک جاری رہے گا۔ دوسرا سیشن دن کے 11 بجے سے عشاء کی نماز تک ہوگا۔ اس دوران مرد زائرین روضہ شریف کی زیارت کے علاوہ ریاض الجنہ میں نوافل ادا کر سکیں گے۔
خواتین زائرین کے لیے زیارت کا وقت نماز فجر کے فوری بعد سے دن 11 بجے تک مقرر کیا گیا ہے، تاکہ خواتین بھی با آسانی زیارت اور نوافل کی ادائیگی کر سکیں۔ انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ یہ اوقات مخصوص کر کے حرم شریف میں عبادت کے دوران نظم قائم رکھنے اور ہر زائر کے لیے آرام دہ ماحول فراہم کرنے کی غرض سے اختیار کیے گئے ہیں۔
ادارہ امور حرمین شریفین نے زائرین سے درخواست کی ہے کہ وہ نئے اوقات کے مطابق روضہ مبارک میں زیارت کریں اور دیگر عبادت گزاروں کی سہولت کو مدنظر رکھیں۔ ادارے کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات زائرین کی سہولت کے ساتھ ساتھ حرم شریف میں احترام، نظم و ضبط اور عبادت کے روحانی ماحول کو برقرار رکھنے کے لیے انتہائی ضروری ہیں۔
یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ ریاض الجنہ میں نوافل کی ادائیگی کے نئے اوقات میں بھی مرد و خواتین زائرین کے لیے مناسب انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ ہر زائر با آسانی عبادت کر سکے اور روضہ شریف کی زیارت کے دوران کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔
