غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق، جنوبی کوریا کے موان ایئرپورٹ پر ایک طیارہ حادثہ پیش آیا جس میں 151 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے۔ 2 افراد کو زندہ بچا لیا گیا ہے جبکہ ایمرجنسی عملہ حادثے کے مقام پر امدادی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔ ابتدائی رپورٹس کے مطابق، طیارہ لینڈنگ گیئر میں خرابی کی وجہ سے حادثے کا شکار ہوا۔ طیارہ رن وے سے اتر کر اطراف میں لگی باڑھ سے ٹکرا گیا، جس سے طیارے میں آگ لگ گئی۔ ایمرجنسی عملہ فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچا اور آگ پر قابو پا لیا۔
حادثے میں زخمی ہونے والوں کو قریبی ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے، جہاں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ طیارہ تھائی لینڈ کے شہر بنکاک سے واپس آ رہا تھا اور اس میں 175 مسافر اور 6 فلائٹ اٹینڈنٹ سوار تھے۔
ایوی ایشن حکام اور ماہرین نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ ابتدائی رپورٹ میں لینڈنگ گیئر کی خرابی کو حادثے کی ممکنہ وجہ قرار دیا گیا ہے، تاہم اس کی مکمل تحقیقات کے بعد اصل وجہ سامنے آ سکے گی۔ ایئرپورٹ انتظامیہ نے حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے متاثرین کے اہل خانہ سے اظہارِ ہمدردی کیا اور کہا کہ ایمرجنسی عملہ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پا لیا اور زخمیوں کی فوری مدد کی۔
جنوبی کوریا کی وزارت ٹرانسپورٹ کا کہنا ہے کہ طیارہ گرنے سے قبل کنٹرول ٹاور نے طیارے سے پرندے ٹکرانے کی وارننگ بھیجی تھی، لیکن حادثے کی اصل وجہ تحقیقات کے بعد واضح کی جائے گی۔ اس حادثے کو 1997 کے بعد جنوبی کوریا میں کسی بھی ایئر لائن کا بدترین حادثہ قرار دیا جا رہا ہے، جس میں 200 سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے۔ حکام نے ایئرلائنز کو حفاظتی معیارات پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت دی ہے اور مسافروں کی فہرست اور ان کے اہل خانہ کو اطلاع دینے کا عمل جاری ہے۔